اسلام آباد (بیورو رپورٹ) برٹش ایئرویز کی پرواز آج 11 سال بعد اسلام آباد میں لینڈ کر گئی ہے۔ برطانوی ہائی کمشن کے حکام، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اورسیز پاکستانی زلفی بحاری، وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان، مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد اور ڈی جی سول ایوی ایشن نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ برٹش ایئر ویز کی پرواز 9 بجکر15 منٹ پر240 مسافروں کو لے کر اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچی۔ آج سے اس ایئرلائن کی ہفتے میں 3 پروازیں لندن سے اسلام آباد اور اسلام آباد سے لندن روانہ ہوا کریں گی۔ مذکورہ فضائی کمپنی نےگزشتہ برس18 دسمبر کو پاکستان کے لیے اپنی براہِ راست پروازوں کو دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 2001 میں 9/11 حملوں کے بعد فضائی سفر کی سہولیات فراہم کرنے والی مذکورہ کمپنی نے کراچی کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کی تھی جب کہ اسلام آباد سے برٹش ایئرویز کی آخری پرواز نے 2008 میں اڑا بھری۔ برٹش ایئر ویز نے 1976 میں اسلام آباد کے لیے پروازوں کا سلسلہ شروع کیا تھا جو یہ 20 ستمبر 2008 تک چلتا رہا۔ 2008 میں اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل میں ہونے والے بم دھماکے کے بعد کمپنی نے اسلام آباد کے لیے اپنی براہ راست پروازیں بند کر دیں تھیں۔
![]()