Home / اہم خبریں / حمزہ شہباز نے چیئرمین نیب کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کا مطالبہ کردیا

حمزہ شہباز نے چیئرمین نیب کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کا مطالبہ کردیا

لاہور (بیورو رپورٹ) مسلم لیگ ن کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے چیئرمین نیب کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کا مطالبہ کردیا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران حمزہ شہباز نے کہا کہ چیئرمین نیب کے انٹرویو پر سپریم کورٹ کا لارجر بنچ بنایا جائے، انہيں کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ایک وفاقی وزیر نے بلی تھیلے سے باہر نکال دی ہے۔ ایوان سمیت ہر طرف غیر منتخب لوگ ہی نظر آتے ہیں۔ مہنگائی کا بوجھ برداشت سے باہر ہو چکا ہے۔ نیب ایک تماشا بن کر رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے چیئرمین نیب کے انٹرویو کا فیصلہ انصاف کے ساتھ کیا جائے پھر ان کی ضمانت کی درحواست سنی جائے۔ ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ خدا کے لیے قومی ادارے اس ملک کو بچا لیں،وہ لاہور ہائیکورٹ جائیں گے اور درخواست کریں گے کہ چیرمین نیب اور انہیں سن کر فیصلہ کیا جائے۔ حمزہ شہباز نے یہ بھی کہا کہ آئینی عہدے پر بیٹھا شخص ان سے انتقام کی نیت رکھتا ہے، وہ ہر قسم کے احتساب کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب کرپشن کا ثبوت لے آئے بطور اپوزیشن لیڈر استعفی دے دیں گے، قوم سے معافی مانگیں گے اور سیاست چھوڑ دیں گے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ نیب چیئرمین کے انٹرویو کے بعد میری ساری باتوں پر مہرِ تصدیق لگ چکی ہے، نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے، چیئرمین نیب خود سوال نامہ ترتیب دیتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آج معروف صحافی بھی گواہی دیتے ہیں، چیئرمین نیب کہتے ہیں حمزہ شہباز بینچ کے پیچھے چھپ رہا ہے، چیئرمین نیب صاحب، قیامت کے دن میرا ہاتھ اور آپ کا گریبان ہوگا, پاکستان تاریخ کے نازک موڑ سے گزر رہا ہے، سیاست دانوں کو برا کہنا قوم کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔ ن لیگی رہنما نے کہا کہ نیب کی وجہ سے لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں،سرمایہ کار بھاگ گئے ہیں، انتقام کا نشانہ بنانے والوں کو یاد رکھنا چاہئے کہ ایک دن قبر میں بھی جانا ہے۔ حمزہ شہباز نے یہ بھی کہا کہ نئے پاکستان والوں نے بجٹ خسارے میں 9 سال کا ریکارڈ توڑ دیا، جی ڈی پی گروتھ سکڑ کر 3 فیصد رہ گئی۔ انہوں نے کہا کہ کفایت شعاری کی باتیں کرنے والے جواب دیں کہ پچھلے سال کی نسبت اس سال 723 ارب روپے اضافی خرچہ کیا گیا ۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ حکومتی خرچہ 18 فیصد بڑھ گیا، عوامی کام کا بجٹ 32 فیصد سکڑ گیا،ملکی برآمدات بھی نیچے چلی گئیں، یہ بہت خوفناک صورتحال ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ گیس، بجلی، صحت، ٹرانسپورٹ، عام اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، آج اسٹاک مارکیٹ میں 200 فیصد ڈراپ ہے۔ انہوں نے اپنے والد شہباز شریف کےحوالےسے بتایا کہ وہ چند دن میں واپس آ رہے ہیں، حمزہ شہباز نے قوم کو خبردار کیا کہ وہ تبدیلی کے اثرات بھگتنے کے لئے تیار رہیں کیونکہ قاتل بجٹ ابھی آنے والا ہے۔ حمزہ کا کہنا تھا کہ معیشت ڈوب گئی ہے، آنے والا بجٹ قاتل بجٹ ہوگا، کل عبد الحفیظ شیخ کے ہاتھ پاؤں پھولے ہوئے تھے، ان کے پاس راستہ دکھانے والا کوئی نہیں، معیشت کا بیڑہ غرق کرانے میں نیب کا نام سر فہرست ہوگا، جی ڈی پی گروتھ 3 فی صد رہ گئی ہے، اسٹاک مارکیٹ کا شمار دنیا کی 5 بہترین ممالک میں ہوتا تھا۔ دریں اثنا، ساہیوال کے ڈی ایچ کیو اسپتال میں 8 بچوں کی اموات پر حمزہ شہباز نے حکومت پنجاب کی مذمت کی، کہا نومولود بچوں کی اموات پر حکومتی کارکردگی کا پول کھل گیا ہے، شہباز شریف کی 10 سالہ محنت کا 10 ماہ کی تبدیلی نے بیڑہ غرق کر دیا، ان کے دور میں کسی سرکاری اسپتال میں ایک بھی افسوس ناک واقعہ نہیں ہوا، بچوں کی اموات حکومت کی نا اہلی کا نتیجہ ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یاسمین راشد پنجاب میں صحت کا شعبہ چلانے میں نا کام ہو چکی ہیں، یاسمین راشد کو اخلاقی طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

ایچ بی ایل پی ایس ایل 11: 26 میچز کے بعد پوائنٹس ٹیبل نہایت دلچسپ مرحلے میں داخل

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 11 کے 26 میچز …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے