اسلام آباد (بیورو رپورٹ) حکومت کی جانب سے ججز کے خلاف ریفرنسز دائر کرنے کے معاملے پر وزارت قانون اور ایسٹس ریکوری یونٹ نے مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا اعلامیے کے مطابق ایسٹس ریکوری یونٹ کو 3 ججوں کے بیرون ملک جائیداد کی اطلاعات ملی۔ یونٹ نے وزارت قانون کی ہدایت پر متعلقہ ججز کی برطانیہ میں جائیدادوں کی تصدیق کرتے ہوئے لینڈ رجسٹریاں حاصل کی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے حلف اٹھاتے ہی اثاثوں کا ریکوری یونٹ قائم کیا۔ یونٹ کا مقصد بیرون ملک اثاثوں کی چھان بین کرنااور ملکی دولت واپس لانا تھا۔ بیرون ملک اثاثوں کی شکایات متعلقہ اداروں تک پہنچانا ریکوری یونٹ کی ذمہ داری ہے۔ یونٹ کو شکایت ملنے پر وزیر اعظم آفس کارروائی کرنے کا پابند ہے۔ اعلامیے مطابق ریکوری یونٹ کو تین ججز کی بیرون ملک جائیداد کے بارے شکایات موصول ہوئیں۔ بزنس رولز 1973ء کے تحت ججز کا معاملہ وزارت قانون و انصاف کے دائرے میں آتا ہے۔ وزارت قانون و انصاف معاملے پر کارروائی کی پابند ہے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ وزارت قانون نے اثاثہ ریکوری یونٹ، نیب، ایف آئی اے اور ایف بی آر کو تحقیقات کی ہدایات جاری کیں۔ اثاثہ ریکوری یونٹ کو لندن میں ججز کی جائیداد کی مصدقہ لینڈ رجسٹری حاصل ہوئی۔
![]()