نیو دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کی سب سے بڑی جمہوری ریاست بھارت میں لوک سبھا انتخابات مکمل ہونے کے بعد گنتی کا عمل جاری ہے، اب تک 542 میں سے بھارتیہ جنتا پارٹی کا اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس 326 نشستوں پر آگے جبکہ انڈین نیشنل کانگریس اتحاد یونائیٹڈ پروگریسوالائنس ( یو پی اے) 113نشتوں پر لیڈ کر رہا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس کے صدر راہول گاندھی اپنے حلقے امیٹھی میں سمرتی ایرانی سے آگے دکھائی دے رہے ہیں۔ ابتدا میں بھارتی جنتا پارٹی کی امیدوار سمرتی ایرانی کی پوزیشن مضبوط نظر آرہی تھی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اب تک ہونے والی گنتی کے مطابق حکمران اتحاد یونائیٹڈ نیشنل الائنس (این ڈی اے) حکومت بنانے کی پوزیشن میں آچکا ہے۔ انتخابی نتائج کے دوران ہنگامہ آرائی سے بچنے کے لیے وزارت داخلہ نے سیکیورٹی الرٹ جاری کر دیا ہے اور ملک بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں، ملک میں ایگزٹ پولز کے اندازوں کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بی جے پی اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے ) کے جیتنے کے زیادہ امکانات ہیں۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ’ماضی میں ایگزٹ پولز اکثر غلط ثابت ہوتے رہے ہیں‘۔ چار ایگزٹ پولز کے اندازوں کے مطابق بی جے پی کی سربراہی میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس 280 سے 315 سیٹیں حاصل کرے گا۔ 542 رکنی لوک سبھا میں کسی بھی جماعت یا اتحاد کو اکثریت کے لیے 273 نشستیں حاصل کرنا ضروری ہیں۔ خیال رہے کہ بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات 11 اپریل کو شروع ہوئے اور 7 مرحلوں میں 19 مئی کو مکمل ہوئے تھے۔ لوک سبھا کے انتخابات کے آخری مرحلے کے بعد ایگزٹ پولز کے نتائج جاری کیے گئے تھے۔ جس کے مطابق 2019 کے بھارتی انتخابات میں بی جے پی اوراس کے اتحادیوں کے جیتنے کے قومی امکانات ہیں۔ تاہم کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی نے ایگزٹ پولز کے نتائج مسترد کردیئے ہیں۔
![]()