ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) صدر پولیس نے معروف ملٹی نیشنل مشروبات برانڈ کا نام استعمال کرکے دھوکہ دہی سے غیر معیاری مشروبات سپلائی کرنے اور کمپنی کے افسران کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزام میں کمپنی کے سابق ڈسٹری بیوٹر کے خلاف کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ معروف ملٹی نیشنل مشروبات کمپنی کے جنرل منیجر خیبر پختونخوا سجادالرحمٰن خٹک سکنہ پشاور نے تھانہ صدر میں رپورٹ درج کرائی کہ ملزم ہماری کمپنی کا ڈسٹری بیوٹر تھا لیکن کاروبار میں غفلت اور ہماری کمپنی کی آڑ میں شہر کے اندر غیر معیاری اورجعلی مشروبات سپلائی کرکے کمپنی کی ساکھ اور مالی نقصان پہنچانے کے باعث اس کی ڈسٹری بیوشن ختم کردی گئی لیکن اس کے باوجود اس نے کمپنی کی گاڑیوں سمیت دیگر آٹھ کروڑ روپے مالیت کا سامان اپنے قبضہ میں لے کر اسے استعمال کررہا ہے جبکہ مختلف سٹورز پر کمپنی کے مہیا کردہ ڈیپ فریزر اور دیگر سامان اٹھاکر اپنے گوداموں میں رکھوا رہا ہے۔ سابق ڈسٹری بیوٹر تاحال ہماری کمپنی کا نام استعمال کرکے شہر میں جعلی، ایکسپائرڈ اور غیر معیاری مشروبات سپلائی کررہا ہے۔ منع کرنے پر وہ جان سے مارنے اور اغواء کرنے سمیت دیگر سنگین نتائج کی دھمکیاں د ے رہا ہے۔ پولیس نے جنرل منیجر کی رپورٹ پر سابق ڈسٹری بیوٹر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
![]()