کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں وزیر اعظم کی لیپ ٹاپ اسکیم کے پانچویں مرحلے میں تقسیم کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی آفتاب جہانگیر تھے۔ تقریب میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، فارم ڈی اور آئی او ایچ بی ایم میں نمایاں جی پی اے حاصل کرنے والے طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔ جس کا مقصد تعلیمی میدان میں اچھی کارکردگی دکھانے والے طلبا کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ اس موقع پر طلبا سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی آفتاب جہانگیر کا کہنا تھا کہ صحت کی صفت اللہ تعالی کی ودیعت کردہ صفات میں سے ایک ہے اور جن کو لوگوں کو اللہ بنی نوع انسان کی خدمت کا موقع دیتا ہے انھیں خاص لوگوں کو یہ صفت بھی عطا کرتا ہے۔ انھوں نے میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبا سے اپنا کام ایماندادری سے کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ جتنا ہوسکے ملک و قوم اور شہر کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ اس موقع پر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق رفیع کا کہنا تھا کہ بچوں میں تعلیم کے حوالے سے شوق پیدا کرنے کے لیے لیپ ٹاپ کی تقسیم جیسی اسکیمیں شروع کی گئیں ہیں تاکہ بچے ناصرف پڑھائی میں دل لگائیں بلکہ لیپ ٹاپ سے ان کو مدد بھی مل سکے۔ اس موقع پر 270 طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔
![]()