تازہ ترین
Home / اہم خبریں / صوبائی حکومت تمام بورڈز میں کرپشن کے مکمل خاتمے کے لئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کے لیے بھی کوشاں ہے۔ صوبائی وزیر خیبرپختونخوا اکبر ایوب خان

صوبائی حکومت تمام بورڈز میں کرپشن کے مکمل خاتمے کے لئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کے لیے بھی کوشاں ہے۔ صوبائی وزیر خیبرپختونخوا اکبر ایوب خان

ایبٹ آباد (رپورٹ: عتیق سلیمانی) خیبرپختونخوا کے وزیر ایلیمنٹری اینڈ سکینڈری ایجوکیشن اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت محکمہ تعلیم اور خصوصاً تعلیمی بورڈز میں ایسی اصلاحات متعارف کرانا چاہتی ہے جن سے تعلیمی ادارے اور بورڈز ایک دوسرے سے منسلک ہوں جبکہ صوبائی حکومت تمام بورڈز میں کرپشن کے مکمل خاتمے کے لئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کے لیے بھی کوشاں ہے تاکہ کرپشن اور خدمات کے حوالے سے عوام کی شکایات دور کی جا سکیں۔ انہوں نے ایبٹ آباد تعلیمی بورڈ کو ہدایت کی کہ ہری پور، مانسہرہ اور بٹگرام میں بورڈ کے ذیلی دفاتر قائم کئے جائیں تاکہ دور دراز علاقوں کے عوام کو بورڈ کی سہولیات اپنے اضلاع میں میسر ہوسکیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ملک بھر میں احساس پروگرام کے تحت پاکستان کے غریب عوام کے لیے 135 پروگرام شروع کر دیے ہیں جن میں تعلیم کو اولین ترجیح دی گئی اور اس کے تحت سکالرشپ پروگرام دے کر طلباء کی بھرپور مالی امداد کی جارہی ہے اور اس سے 60 ہزار طلبہ و طالبات استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔ وہ جمعرات کے روز بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ایبٹ آباد میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات 2019 میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے 19 طلباء و طالبات میں گولڈ، سلور اور برانز میڈل تقسیم کرنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر چیئرمین تعلیمی بورڈ ایبٹ آباد پروفیسر مختیار علی خان اور سیکر ٹری بورڈ ڈاکٹر شائستہ ارشاد نے بورڈ کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ تقریب میں چیئرمین بنوں بورڈ، چیئرمین مردان بورڈ، محکمہ تعلیم کے ڈسٹرکٹ افسران، پرنسپل، اساتذہ، والدین اور طلبہ بھی موجود تھے۔ اکبر ایوب خان نے میڈل حاصل کرنے والے بچوں کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انعامات حاصل کرنے والے طلبہ آئندہ بھی اپنی محنت اور لگن سے مزید ترقی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی ایک واحد راستہ ہے جس سے ترقی ممکن ہے۔ آج کے یہ نوجوان اس ملک کا مستقبل اور قومی اثاثہ ہیں۔ ہمارے ملک کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ اگر نوجوان نسل کی بہترسمت میں تعلیم و تربیت کی جائے تو وہ وقت دور نہیں جب ہم بھی ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے ملک میں کوالٹی ایجوکیشن کی ضرورت ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت معیاری اور بہتر تعلیم کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ خصوصا ًپرائمری اور سیکنڈری ایجوکیشن میں اصلاحات لاکر پرانے اور فرسودہ نظام میں تبدیلی لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میرٹ اور حقوق کی مساویانہ فراہمی پر یقین رکھتی ہے اور صوبہ بھر میں بورڈز سمیت تمام تعلیمی اداروں میں میرٹ کے تحت بھرتیاں اور تعیناتیاں کرکے سفارش کلچر اور نقل مافیا کی حوصلہ شکنی کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے ایبٹ آباد تعلیمی بورڈ کو یہ ہدایت کی کہ وہ سکالر شپس کی تعداد میں اضافہ کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ کی تعلیمی ضروریات پوری ہوسکیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی طرف سے ایبٹ آباد تعلیمی بورڈ کے تمام ملازمین کے لئے ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ کے مساوی بونس دینے کا اعلان بھی کیا۔ قبل ازیں سیکریٹری بورڈ ایبٹ آباد ڈاکٹر شائستہ ارشاد نے ایبٹ آباد بورڈ میں امتحانات اور دیگر امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جس پر صوبائی وزیر اکبر ایوب خان نے ہدا یت کی کہ امتحانات میں پول کے تحت اساتذہ کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں اور جو اساتذہ ڈیوٹی دینے سے انکار کریں ان کے خلاف محکمہ کو لکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کا اصل کام تعلیم کو مقصدی بنانے کے لیے ریسرچ کرنا ہے اس لئے تمام بورڈز ریسرچ پر توجہ دیں۔ امتحانات کو صاف و شفاف بنایا جائے۔ کوشش کی جائے کہ 100 ٹاپ پوزیشن ہولڈرز طلبہ کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ آخر میں صوبائی وزیر نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں میڈل تقسیم کیے جبکہ بورڈ آفس کے سبزہ زار میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل کے زیر انتظام پاکستان چیمپئنز لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا اغاز 13 مئی سے ہوگا

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل کے زیر انتظام دوسری انٹرلوپ پاکستان …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے