کوئٹہ (رپورٹ: محمد حمیر قاضی) مجلس قائمہ برائے محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کا اجلاس بلوچستان صوبائی اسمبلی کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ چیئرپرسن کی غیر موجودگی میں کمیٹی ممبران نے اسداللہ بلوچ کو اجلاس کی صدارت کے لئے نامزد کیا۔ اجلاس میں ملک نصیر احمد شاہوانی، مبین خان خلجی، سکندر علی عمرانی، ماہ جبین شیران نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں کمیٹی نے سفارش کی کہ 1 تا 15 گریڈ مشتہر آسامیوں پر محکمہ خود ٹیسٹ لے کر لوگوں کو بھرتی کرے، ٹیسٹنگ سروسز پر انحصار نہ کیا جائے۔ ٹیسٹنگ سروسز کے بجائے محکمہ باآسانی جوابدہ ہو سکتا ہے۔ ممبران کمیٹی نے متفقہ سفارش کی کہ محکمہ کی بنائی ہوئی کمیٹیز ہی ان آسامیوں کو پر کریں صدر نشین اجلاس اسداللہ بلوچ نے کہا کہ بلوچستان ہاؤس اسلام آباد اور کراچی میں ہمیں صوبے سے تعلق رکھنے والے لوگ کام کرتے نہیں دیکھائی دیتے۔ بے روزگار سب سے زیادہ ہمارے صوبے میں ہیں اور ان ہاؤسز میں ہمارے لوگ نہیں ہوتے ہیں۔ کمیٹی نے تجویز دی کہ ان ہاؤسز میں بلوچستان کے لوکلز کو رکھا جائے۔ ممبران کمیٹی نے اجلاس کے دوران محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کو تنبیہ کی کہ اسلام آباد کے جی 8 میں واقع بلوچستان کے فلیٹس کو غیر متعلقہ لوگوں سے جلد از جلد خالی کروایا جائے۔ ممبران نے اجلاس کے دوران اپنی سفارشات میں کہا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کلاس فور کے ملازمین کو اسلام آباد میں کام کرنے کے لئے ایک اسپیشل الاؤنس دیا جائے تاکہ ان کی رہائش کا مسئلہ حل ہو سکے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بلوچستان ہاؤس کی گاڑیاں غیر قانونی طور پر جن شخصیات کے پاس موجود ہیں محکمہ ان لوگوں سے جلد از جلد گاڑیاں وصول کرے۔
![]()