کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر یوتھ پروگرام طارق پرویز کے مطابق جونئیر ورلڈ اسکریبل چیمپیئن شپ کا انگلینڈ کے خوبصورت شہر ٹورکے میں آغاز ہوگیا۔ توقعات کے مطابق ایونٹ کے پہلے روز پاکستانی کھلاڑیوں کا غلبہ رہا۔ ویزا اور دیگر مسائل کے باعث کچھ اہم کھلاڑیوں سے محروم پاکستان ٹیم نے پہلے روز شاندارکارکردگی دکھائی۔ تیرہ سالہ سید عماد علی سات میں سے چھ میچز جیت کر دن کے اختتام پر ٹاپ پوزیشن پر رہے، سید عماد علی کا اسپریڈ اسکور ایک ہزار چھ رہا۔ اکیس سالہ حماد ہادی خان نے بھی چھ گیمز جیتے لیکن کم اسپریڈ اسکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ دانیال ثناء اللہ سات میں سے پانچ میچز جیتنے میں کامیاب رہے اور تیسرے نمبر پر آئے۔ حسان ہادی خان پانچ میچز میں فتح کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔ انگلینڈ کے روری کیمپ صبح کے سیشن میں ٹاپ پر تھے تاہم دن کے اختتام پر انہیں گیارہویں اسپاٹ پر اکتفا کرنا پڑا۔ پاکستانی نژاد برطانوی پلیئر سنبل صدیقی دن کے اختتام پر انگلینڈ کی جانب سے ٹاپ پوزیشن پر رہیں۔ چیمپیئن شپ کے دوسرے روز مزید سات گیمز کھیلے جائیں گے۔
![]()