کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) دورہ پاکستان پر موجود ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ باﺅلر مائیکل ہولڈنگ نے سری لنکا کی طرح دیگر بین الاقوامی ٹیموں کی پاکستان آکر کھیلنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں اور بھی ٹیمیں کرکٹ کھیلنے آئیں تاکہ یہاں سیکیورٹی کے حوالے سے قائم تاثر ختم ہوسکے۔ سیکیورٹی سے متعلق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مائیکل ہولڈنگ کا کہنا تھا کہ کراچی کا دورہ بہت آرام دہ رہا اور کہیں کسی قسم کی پریشانی محسوس نہیں ہوئی لیکن اس سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ کچھ ہو نہیں سکتا، ہونے کو دنیا میں کہیں بھی کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا امریکی صدور کو سب سے بہترین سیکیورٹی ملتی ہے لیکن ہم نے دیکھا ہے کہ امریکی صدور پر بھی حملے ہوئے حتیٰ کہ میرے ساتھ جمیکا میں بھی کچھ بھی ہوسکتا ہے اصل بات دنیا کو اس بات کا یقین دلانا ہے کہ جو حفاظت فراہم کی جائے گی، وہ بہترین ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے پاکستان کے حوالے سے بہت باتیں بنائی ہیں، ایسے میں پاکستان کو دیگر ٹیموں کو یہاں لانے میں بہت محنت کرنا ہوگی اور اس تاثر کو ختم کرنا ہوگا جو لوگوں کو یہاں آنے سے خوفزہ کرتا ہے۔ مائیکل ہولڈنگ نے مزید کہا کہ یہ تاثر کا ہی فرق ہے کہ لندن دھماکوں کے بعد بھی آسٹریلین ٹیم نے اپنا دورہ انگلینڈ جاری رکھا تھا اس لئے پی سی بی کو ثابت کرنا ہوگا کہ سب کچھ واقعی ٹھیک ہے اور ایسا اس وقت ہی ہوگا جب سری لنکا کی طرح دیگر ٹیمیں یہاں آئیں اور وہ ان دوروں میں دنیا کو ثابت کریں کہ سب کچھ بہترین ہے۔
![]()