گجرات (رپورٹ: مرزا عادل رحمان) پولیس کی وردی پہن کر ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والابین الاضلاعی لٹیرا گرفتار، جعلی پولیس افسر بن کرشہریوں کو گن پوائنٹ پر لوٹنے کی درجنوں وارداتوں کا انکشاف،مال مسروقہ برآمد، تفصیلات کے مطابق گزشتہ کچھ عرصہ سے گجرات کے گرد و نواح میں ایک جعلی پولیس افسر ضلع کے مختلف علاقوں میں شہریوں سے گن پوائنٹ پر ڈکیتی کی وارداتیں کررہا تھا، جس سے ناصرف پولیس فورس کی بدنامی ہورہی تھی بلکہ شہری پولیس وردی سے بھی خائف نظر آتے تھے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گجرات توصیف حیدر نے اس جعلی پولیس افسر کی گرفتاری کے لئے ڈی ایس پی صدر سرکل سعید احمد کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ کنجاہ فرقان شہزاد کو خصوصی ٹاسک دیا۔ جس پر ایس ایچ او تھانہ کنجاہ اوران کی ٹیم نے بہترین حکمت عملی اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے محکمہ پولیس کا نام بدنام کرنے اور شہریوں کو لوٹنے والے جعلی پولیس افسر کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیا۔ جو دوران انٹیروگیشن ملزم احسان اللہ ولد لال خاں قوم راجپوت سکنہ محلہ الطاف کالونی کنجاہ نے انکشاف کیا کہ وہ جعلی پولیس افسر بن کرگجرات سمیت منڈی بہاؤالدین اور گوجرانوالہ میں ڈکیتی کی درجنوں وارداتیں کرچکا ہے۔ جس نے گزشتہ چند دنوں میں تھانہ کنجاہ کے علاقہ میں ڈکیتی کی تین وارداتوں کا بھی اعتراف کیا۔ ملزم کے قبضہ سے 4 لاکھ 75 ہزار روپے نقدی، ہنڈا موٹر سائیکل 125 جس کی نمبر پلیٹ پر پولیس لکھا ہوا تھا اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا پسٹل 30 بور بھی برآمد ہوا۔ ملزم کی مزید انٹیروگیشن جاری ہے۔
![]()