کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان کی جانب سے بھارتی پائلٹ کو خیر سگالی کے طور پر رہا کرنے کے فیصلے کی دنیا بھر میں پذیرائی کی جارہی ہے۔ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران بھارتی پائلٹ کو واپس بھجوانے کا اعلان کیا تھا۔ عمران خان کے اس فیصلے کو نا صرف بھارت اور کشمیر کی معتبر شخصیات نے سراہا بلکہ اس کی گونج پوری دنیا میں سنائی دے رہی ہے اورغیر ملکی میڈیا بھی عمران خان کے اس ذمہ دارانہ فیصلے کا خیر مقدم کررہا ہے بین الاقوامی جریدے گلف نیوز نے پاکستان کے فیصلے کی پزیرائی کرتے ہوئے کہا عمران خان نے بھارتی ہم منصب کے خلاف سفارتی جنگ جیت لی۔ الجزیرہ نے بھی پاکستانی وزیر اعظم کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا پاکستان نے دو نیو کلیئر طاقتوں میں تناؤ کو کم کیا۔ نیو یارک ٹائمز کے مطابق عمران خان کا اعلان جنگ کا راستہ روک سکتا ہے، جب کہ دی گارڈین کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نے اب تک خان کی پیشکش کا جواب نہیں دیا۔ عرب نیوز نے بھی پاکستان کے اقدام کو امن کی جانب ایک اور قدم قرار دیا۔ دوسری جانب ترجمان اقوام متحدہ نے بھی عمران خان کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا اعلان قابل تعریف ہے، دونوں ممالک کو کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔ واضح رہے کہ عمران خان کے فیصلے کو بھارت میں بھی بے حد پزیرائی حاصل ہورہی ہے اور کشمیری رہنما میر واعظ عمر فاروق، محبوبہ مفتی، نوجوت سنگھ سدھو، برکھادت، کیپٹن امریندر سنگھ سمیت بھارت کی معتبر شخصیات کی جانب سے بے حد سراہا جارہا ہے۔
![]()