Home / اہم خبریں / شوگر ملز مالکان نے حکومتی احکامات کی دھجیاں بکھیرکررکھ دی

شوگر ملز مالکان نے حکومتی احکامات کی دھجیاں بکھیرکررکھ دی

ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) شوگر ملز مالکان نے حکومتی احکامات کی دھچیاں بکھیرکررکھ دی ہیں، حکومتی رٹ کو چیلنج کیا جارہا ہے، زمینداروں کا استحصال بند کرکے ایڈمنسٹریٹرز کی تقرری کی جائے، انہی کے ذریعے گنے کی وصولی اور رقوم کی ادائیگی کی جائے، زمینداروں کا اجلاس سے خطاب۔ گنے کے زمینداروں کا ہنگامی اجلاس زیر صدارت مرکزی انجمن تاجران ڈیرہ کے صدر راجہ اختر علی منعقد ہوا جس میں گنے کے زمیندار راجہ انورعلی، ملک بشیر احمد، ملک احمد نواز، ملک شنا، ملک الطاف، ملک ثناءاللہ، ملک محمد نواز اور دیگر زمینداروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں چشمہ شوگرملز سمیت دیگر شوگر ملز مافیا کا روپ دھار چکی ہیں۔ یہ بدمعاشوں کا ٹولہ ہے جوکہ طویل عرصہ سے ڈیرہ کے زمینداروں کا استحصال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے مقررہ ریٹ 180 روپے کے برعکس ان سے 149 روپے فی من کے حساب سے گنا وصول کیا جارہا ہے جبکہ اس کی کوئی رسید بھی نہیں دی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت گنے کے کاشتکاروں اور زمینداروں کے ساتھ ظلم اور ناانصافی کے سلسلے کو روکنے کے لئے ایڈمنسٹریٹر مقرر کرکے گنے کی وصولی اور رقوم کی ادائیگی انہیں کی ذریعے سے کرائے۔ زمینداروں کے گزشتہ سال کے بقایاجات تاحال واجب الاد ہیں ان کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال بھی حکومت کی جانب سے 180 روپے فی من گنے کا نرخ مقرر کیا گیا لیکن شوگر ملز مالکان نے حکومتی احکامات کی دھچیاں اڑا کررکھ دی اور حکومتی احکامات کا ماننے سے انکار کرتے ہوئے اپنی مرضی کے ریٹ سے زمینداروں کو ادائیگیاں کی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بازار میں کوئی دکاندار پانچ روپے مہنگی چیز فروخت کرے تو اسے فوری چالان کردیا جاتا لیکن شوگر ملز مالکان کھلے عام حکومتی رٹ کو چیلنج کرکے سرکاری مقرر کردہ ریٹ سے تیس روپے سے کم کی ادائیگی کررہے ہیں انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر گلگت بلتستان و کشمیر امور علی امین گنڈہ پور، وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں شوگر ملز مافیا کے منہ زور گھوڑے کا قبلہ درست کیا جائے اور یہاں پر ایڈمنسٹریٹر مقرر کرکے گنے کی وصولی اور سابقہ بقایاجات کی ادائیگی سمیت تمام رقوم کی سرکاری مقررہ ریٹ پر ادائیگی یقینی بنائی جائے۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

فاطمہ ثناء زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں پاکستان کی قیادت کریں گی

کراچی، (اسپورٹس رپورٹر) قومی خواتین سلیکشن کمیٹی نے پاکستان بمقابلہ زمبابوے ون ڈے سیریز کے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے