بنکاک (رپورٹ: عمران یوسف) بنکاک میں ان دنوں تھائی سلک روڈ کے نام سے فیشن شو کا انعقاد جاری ہے جس میں درجنوں ممالک اپنے ملبوسات کی نمائش کر رہے ہیں پاکستان کی طرف سے نبیل اینڈ عقیل نامی برانڈ نے پاکستانی سفارتخانہ کے اشتراک سے اس فیشن شو میں حصہ لیا اور سلک سے بنے انتہائی دیدہ زیب ملبوسات کی نمائش کی۔ اس سلسلے میں بروز پیر کو سنٹرل ورلڈ شاپنگ مال میں کیٹ واک کا اہتمام کیا گیا جس میں شائقین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی جن کا تعلق مختلف ممالک سے تھا۔ ریمپ پر خوبصورت غیر ملکی ماڈلز نے دلفریب انداز میں انتہائی نفیس اور خوبصورت ملبوسات کو متعارف کروایا اور حاضرین کی توجہ پاکستانی ملبوسات کی طرف مبذول کروائی۔ اس موقعہ پر نبیل اینڈ عقیل برانڈ کے ڈائریکٹر نے ملکی و غیرملکی میڈیا سے بات چیت کی جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تھائی سلک روڈ فیشن شو اپنے ملبوسات کو متعارف کروانے کا ایک بہترین موقع ہے جس کے ذریعے ہم نہ صرف پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں بلکہ بین الاقوامی طور پر ہمیں شائقین اور خریدار بھی میسر آتے ہیں۔ اس رنگا رنگ فیشن شو سے پاکستانی کمیونٹی سمیت کئی ممالک کے لوگ محظوظ ہوئے۔
![]()