راولپنڈی/کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) پاکستان نے اپنے ہزارویں ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں 21 سالہ آل راؤنڈر عرفات منہاس نے یادگار ون ڈے ڈیبیو کرتے ہوئے 10 اوورز میں 32 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کی جانب سے ون ڈے ڈیبیو پر پانچ وکٹیں لینے والے پہلے مرد کرکٹر بن گئے۔ ان کی شاندار باؤلنگ کی بدولت آسٹریلیا کی ٹیم 44.1 اوورز میں 200 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جبکہ میٹ رینشا 61 اور میتھیو شارٹ 55 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو ابتدائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور دو وکٹیں جلد گر گئیں، تاہم بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر غازی غوری نے تیسری وکٹ کے لیے 127 رنز کی اہم شراکت قائم کر کے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ بابر اعظم نے 69 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ غازی غوری نے اپنے دوسرے ہی ون ڈے میچ میں پہلی نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 65 رنز بنائے۔
دونوں بیٹرز کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی پاکستان کو 25 رنز درکار تھے، لیکن عرفات منہاس نے ایک بار پھر ذمہ داری نبھائی اور 17 گیندوں پر ناقابل شکست 18 رنز بنا کر ٹیم کو 45 گیندیں قبل فتح دلائی۔ نوجوان آل راؤنڈر نے فاتحانہ چھکا لگا کر اپنی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کو مکمل کیا اور پاکستان کی تاریخی کامیابی کے ہیرو بن گئے۔ سیریز کا دوسرا ون ڈے 2 جون کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔