کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے منگل کو سندھ سیکریٹریٹ اور متعلقہ دفاتر کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف محکموں کی کارکردگی، حاضری اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نیو سیکریٹریٹ پہنچے تو چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ بھی موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے زیر تعمیر کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا معائنہ کرتے ہوئے اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ضروری احکامات جاری کیے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے تغلق ہاؤس (اولڈ سیکریٹریٹ) کا بھی دورہ کیا اور ایکسائیز، محکمہ تعلیم، داخلہ، مائنز اینڈ منرلز، پی اینڈ ڈی اور چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم سمیت مختلف دفاتر کا جائزہ لیا۔ سیکریٹری ایجوکیشن نے دفتری امور پر بریفنگ دی جبکہ وزیراعلیٰ نے پی اینڈ ڈی کے نئے تعمیر شدہ کمیٹی روم کا بھی معائنہ کیا۔ ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق تقریباً تمام صوبائی سیکریٹریز اپنے دفاتر میں موجود تھے۔
دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے ملازمین کی حاضری چیک کی اور غیر حاضر افسران کے خلاف کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے چیف سیکریٹری کو وضاحت طلب کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے تغلق ہاؤس کی رینوویشن کے کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے تمام محکموں کو مؤثر انداز میں کام کرنا ہوگا، جبکہ ملازمین کو وقت کی پابندی اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے چاہئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حالات کے باعث اسٹاف میں کمی کی گئی ہے، تاہم یہ غیر حاضری کا جواز نہیں بن سکتا اور تمام متعلقہ ملازمین اپنی حاضری یقینی بنائیں۔