کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت، افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ اور چیئرمین سندھ ایمپلائیز سوشل سیکیورٹی انسٹیٹیوشن (سیسی) سعید غنی نے کہا ہے کہ سیسی کے تحت بینظیر مزدور کارڈز کے اجراء کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے مزدوروں اور محنت کشوں کو اعلیٰ اور بروقت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اسپتالوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اقدامات کی ہدایت دی۔ سیسی کے تحت ایک مکمل سہولیات سے بھرپور کینسر اسپتال کی فزیبلٹی بھی تیار کی جائے گی۔
یہ بات سعید غنی نے سیسی کی 175 ویں گورننگ باڈی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں سیکرٹری محنت سندھ اسد اللہ ابڑو، کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو، ارکان گورننگ باڈی اور دیگر موجود تھے۔ اجلاس میں گلشن اقبال اور ملیر میں سیسی کے دو ڈائریکٹوریٹ اور ڈسپنسری اسکیم 33 اور شاہ لطیف ٹاؤن میں کرایہ کی جگہ پر تعمیر کے لیے چھ ماہ کے کرایہ کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ریٹائرڈ ملازمین کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنے، جونئیر اور سنئیر کلرک کی بھرتی کے لیے گریجویشن اور کمپیوٹر کی تعلیمی قابلیت لازمی قرار دینے، بینظیر مزدور کارڈز کے مسائل کے حل، اور دیگر اہم ایجنڈوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعید غنی نے ہدایت دی کہ بینظیر مزدور کارڈز کے اجراء میں پیش آنے والے مسائل فوری طور پر دور کیے جائیں اور گورننگ باڈی اجلاس سے قبل نادرا کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کی جائے۔