عمان/کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین ) اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن پاکستان کو روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں ایک وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ال امارات کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے۔ عثمان خان نے 107 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ عبدالقادر نے 54 گیندوں پر 80 رنز اور کپتان فرحان یوسف نے 63 رنز اسکور کیے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسری وکٹ کی شراکت میں عثمان خان اور عبدالقادر نے 135 رنز جوڑ کر بڑے مجموعے کی بنیاد رکھی۔
جواب میں بھارت نے آخری گیند پر 9 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بناکر ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کی اور ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ بھارتی کپتان لکشیا رائے چندانی 80 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ پاکستان کی جانب سے رضوان اللہ نے 53 رنز دے کر 3 اور نقاب شفیق نے 57 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے گروپ مرحلے کے تینوں میچز جیتنے کے بعد سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی، تاہم فیصلہ کن مقابلے میں آخری گیند پر شکست کے باعث قومی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہی۔