تازہ ترین
Home / اہم خبریں / غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف کراچی کے صحافیوں کا احتجاج، تین برس کے دوران سچ دنیا تک پہنچانے کی پاداش میں 263 فلسطینی صحافی شہید ہوئے، ریحان چشتی

غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف کراچی کے صحافیوں کا احتجاج، تین برس کے دوران سچ دنیا تک پہنچانے کی پاداش میں 263 فلسطینی صحافی شہید ہوئے، ریحان چشتی

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے زیر اہتمام غزہ میں جاری اسرائیلی کارروائیوں اور فلسطینی صحافیوں کو نشانہ بنائے جانے کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں صحافیوں اور صحافتی تنظیموں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور غزہ میں شہید ہونے والے صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مظاہرین نے ’’اسرائیل مردہ باد‘‘ اور ’’صحافیوں کا قتل عام بند کرو‘‘ کے نعرے بھی لگائے۔

مظاہرے سے کراچی پریس کلب کے سیکریٹری اسلم خان، پی ایف یو جے دستور کے سیکریٹری جنرل اے ایچ خانزادہ، سینئر صحافی مظہر عباس، کے یو جے دستور کے صدر نصراللہ چوہدری، سیکریٹری ریحان چشتی، سی آر اے کے سیکریٹری ندیم احمد اور کے یو جے برنا کے سیکریٹری لیاقت کشمیری نے خطاب کیا۔ ریحان چشتی نے کہا کہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک 263 فلسطینی صحافی اسرائیلی حملوں میں شہید ہوچکے ہیں، جبکہ گزشتہ روز صحافی محمد عبدالعزیز النجار کی شہادت صحافتی تاریخ کا ایک اور افسوسناک باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں صحافی اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر انتہائی خطرناک حالات میں پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے جنگ اور تباہی کے حقائق دنیا کے سامنے لا رہے ہیں۔

مقررین نے غزہ میں صحافیوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جنگ زدہ علاقوں میں صحافیوں پر حملے آزادیٔ صحافت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ غزہ میں فوری اور مکمل جنگ بندی کرائی جائے اور خوراک، ادویات سمیت ضروری انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ مقررین نے فلسطینی صحافیوں کے قتل اور ان پر ہونے والے حملوں کی شفاف، آزادانہ اور بین الاقوامی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔

صحافی رہنماؤں نے عالمی برادری اور بین الاقوامی صحافتی تنظیموں پر زور دیا کہ فلسطینی صحافیوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور صحافیوں کے قتل میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق جواب دہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو نشانہ بنانا دراصل سچ کی آواز کو دبانے کی کوشش ہے، تاہم کراچی کی صحافتی برادری غزہ کے شہید صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی رہے گی اور آزادیٔ صحافت کے دفاع کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔ مظاہرے کے اختتام پر شہید صحافیوں کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

About Dr.Ghulam Murtaza

یہ بھی پڑھیں

نذیر حسین انٹرورسٹی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز، پہلے روز کے ائی ای ٹی اور بحریہ یونیورسٹی فتحیاب

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) نذیر حسین یونیورسٹی کے زیر اہتمام دوسرے نذیر حسین یونیورسٹی انٹرورسٹی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے