کراچی، (رپورٹ: ذیشان حسین) عالمی بینک کے اعلیٰ سطحی وفد نے کراچی میں یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کے سائٹ آفس اور جام صادق پل کے قریب تعمیراتی مقام کا دورہ کیا، جہاں انہیں منصوبے کی افادیت، پیشرفت اور مقاصد سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
وفد کا استقبال سندھ کے سینئر وزیر و وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن اور ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ کمال دایو نے کیا۔ اس موقع پر اجلاس میں وزیر ٹرانسپورٹ نے منصوبے کو کراچی کا وژنری ٹرانسپورٹ منصوبہ قرار دیا جو روزانہ لاکھوں افراد کو سفری سہولت فراہم کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ منصوبے میں صرف ماحول دوست الیکٹرک بسیں چلیں گی، جبکہ خواتین کے لیے پنک بس اور ای وی اسکوٹر اسکیم جیسے اقدامات سے سماجی تبدیلی لائی جا رہی ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے اور ہائی اسپیڈ ریل جیسے دیگر منصوبے بھی زیر تکمیل ہیں۔
عالمی بینک کے وفد نے منصوبے کی رفتار، معیار اور وژن کو سراہتے ہوئے سندھ حکومت کے اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ آخر میں وفد کو سندھی ثقافت کے روایتی تحائف اور شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔