کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں سندھ حکومت مکمل طور پر متحرک ہے، اور اگر کسی بھی صوبے کو ہماری ضرورت پیش آئی تو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی قیادت میں صوبائی انتظامیہ پوری طرح الرٹ ہے، اور مشینری ہر وقت تیار حالت میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر پارٹی قیادت اور کارکنان عوام کے ساتھ موجود ہیں اور عوامی خدمت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت 2010 سے اب تک کئی بار شدید بارشوں اور سیلابوں کا سامنا کر چکی ہے، اور اس ضمن میں اسے مکمل تجربہ حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب کے حالیہ دوروں میں بھی سندھ حکومت نے مکمل ہم آہنگی اور تعاون کا مظاہرہ کیا ہے بلوچستان میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معصوم جانوں کے قاتلوں کو سخت ترین سزائیں ملنی چاہئیں۔ پیپلز پارٹی ملک میں امن، استحکام اور ترقی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اور سینیٹ میں اس وقت سب سے بڑی جماعت کے طور پر موجود ہے وزیر اطلاعات نے کہا کہ کاروباری طبقے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سندھ حکومت نے ریڈ ٹیپ ازم کے خاتمے کے لیے آن لائن ون ونڈو آپریشن متعارف کرایا ہے۔ پاکستان اس وقت کاروبار کے لیے ایک سنہری موقع ہے اور سندھ حکومت صنعتکاروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے کراچی میں حالیہ بلڈنگ گرنے کے واقعے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 61 میں سے 59 انتہائی خطرناک عمارتیں خالی کروائی جا چکی ہیں، غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، اور کئی عمارتیں گرائی جا چکی ہیں۔ متاثرہ کرایہ داروں کو چھ ماہ کا کرایہ سندھ حکومت کی جانب سے دیا جا رہا ہے انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں میگا پروجیکٹس تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ جام صادق پل اگست تک کھول دیا جائے گا، شاہراہ بھٹو پر بھی کام جاری ہے، جبکہ یلو لائن اور ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے جلد مکمل ہوں گے۔ کے فور منصوبے پر بھی پیش رفت ہو رہی ہے اور وزیراعلیٰ اس پر مسلسل میٹنگز کر رہے ہیں 9 مئی کے واقعات پر بات کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ اگر کوئی سیاسی رہنما ریاستی املاک کو نقصان پہنچائے، تو یہ کسی صورت معافی کے قابل نہیں۔ پیپلز بس سروس، ایمبولینسز اور قائداعظم کے گھر کو جلانے کے واقعات بدترین دہشتگردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان واقعات کا ماسٹر مائنڈ اڈیالہ جیل میں قید ہے، جس نے اپنے بچوں کو بیرون ملک رکھا اور دوسروں کے بچوں کو ریاست کے خلاف استعمال کیا انہوں نے کہا کہ پہلی بار غیر قانونی تعمیرات میں ملوث بڑے سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ کئی عمارتیں بغیر نقشے کے تعمیر کی گئیں، جن کے خلاف سروے کے بعد کارروائیاں ہو رہی ہیں ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ عوامی حمایت کھو چکے ہیں اور اب لسانیت اور ثقافت کے نام پر نفرت پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم ان کی وکٹ پر نہیں کھیلیں گے، عوام ان کی اصلیت جان چکے ہیں ان کا کہنا تھا کہ 1986 کے بعد کراچی کے ادارے کمزور کیے گئے اور شہر کو تنازعات میں دھکیلا گیا۔ ہم ان دیرینہ مسائل کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جن کا تعلق براہِ راست عوام کی زندگی سے ہے۔
Home / اہم خبریں / سندھ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے الرٹ ہے، ضرورت پڑی تو دیگر صوبوں کی مدد کریں گے۔ شرجیل میمن