Home / اہم خبریں / پشاور زلمی نے ڈک ورتھ لوئس اسٹرن میتھڈ کے تحت اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7 رنز سے شکست دے دی

پشاور زلمی نے ڈک ورتھ لوئس اسٹرن میتھڈ کے تحت اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7 رنز سے شکست دے دی

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پشاور زلمی نے ڈک ورتھ لوئس اسٹرن میتھڈ کے تحت اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7 رنز سے شکست دے دی۔ بارش سے متاثرہ میچ میں پشاور زلمی نے 79 رنز پر مشتمل نظرثانی شدہ ہدف کے تعاقب میں 9 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 85 رنز بنائے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں نے کھیل کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنائے رکھا۔ 6 رنز پر لیوک رونکی کے آؤٹ ہونے کے باوجود اوپنر کولن منرو نے 4 اوورز میں ٹیم کا مجموعہ 41 تک پہنچا دیا۔ پانچویں اوور کی پہلی گیند پر بائیں ہاتھ کے بلے باز رضوان حسین 5 اسکور بناکر آؤٹ ہوئے تو کپتان شاداب خان نے کریز سنبھال لی۔ انہوں نے پہلے کولن منرو اور پھر کولن انگرام کے ہمراہ بالترتیب 67 اور 76 رنز کی شراکت قائم کرکے اسلام آباد یونائیٹڈ کو اسکور بورڈ پر بڑا ہدف سجانے میں مدد کی۔ شاداب خان نے 42 گیندوں پر 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی بدولت 77 رنز کی اننگز کھیلی۔ 183سے زائد اسٹرائیک ریٹ سے اسکور بنانے والے شاداب خان ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ کولن منرو نے 35 گیندوں پر 52 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ کولن انگرام 25 گیندوں پر 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ آصف علی اور فہیم اشرف 3،3 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کے حسن علی نے 2 جبکہ کارلوس بریتھ ویٹ، وہاب ریاض اور راحت علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں کامران اکمل اور امام الحق پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے پشاور زلمی کو 26 گیندوں پر 44 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ امام الحق 7 اور کامران اکمل 37 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اوپنرز کے پویلین واپس لوٹنے پر ٹام بنٹن اور حیدر علی نے کریز سنبھالی اور جارحانہ حکمت عملی سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ 9 اوورز میں پشاور زلمی نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 85 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔ ٹام بنٹن 20 اور حیدر علی 16 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے کہ ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت پشاور زلمی کو فاتح قرار دے دیا گیا۔ ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت پشاور زلمی کو 9 اوورز میں 79 رنز درکار تھے۔ ظفر گوہر اور رومان رئیس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں جارحانہ اننگز کھیلنے پر شاداب خان کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ آٹھ مارچ بروز اتوار کو ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں دوپہر 2 بجے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی جبکہ روایتی حریف لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں شام 7 بجےقذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان، شان مسعود قیادت کریں گے

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے