Home / اہم خبریں / پندرہ ارب روپے کا مہنگائی ریلیف پیکج اونٹ کے منہ میں زیرہ ہے، حکومت غربت نہیں بلکہ غریبوں ہی کو صفحہ ہستی سے مٹانا چاہتی ہے۔ چیئرمین پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی الطاف شکور

پندرہ ارب روپے کا مہنگائی ریلیف پیکج اونٹ کے منہ میں زیرہ ہے، حکومت غربت نہیں بلکہ غریبوں ہی کو صفحہ ہستی سے مٹانا چاہتی ہے۔ چیئرمین پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی الطاف شکور

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے 15 ارب روپے کے مہنگائی ریلیف پیکج کا اعلان اونٹ کے منہ میں زیرہ ہے۔ یہ فی کس 75 روپے بنتے ہیں، ان پیسوں میں غریب عوام نہائے گی کیا اور نچوڑے گی کیا؟ حکومت غربت نہیں، غریبوں ہی کو صفحہ ہستی سے مٹانا چاہتی ہے۔ پی ٹی آئی دور حکومت میں ایک کروڑ نوکریاں دینے کے بجائے پچھلے دو سالوں میں دس لاکھ نوکریاں اور کم کر دی گئی ہیں۔ 50 لاکھ گھر تو کیا بنتے، بلڈرز مافیا نے غریب لوگوں ہی کی زمینیں ہتھیالی ہیں۔ الطاف شکور نے وزیر اعظم اور صدر پاکستان سے کہا کہ غریب دشمن اقدامات، چھوٹے موٹے ریلیف پیکجز کے نام پر بھیک اور لنگر دینے کے بجائے معاشی خوشحالی اور ترقی کے لئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کریں۔ معذرت خواہانہ بیانات اور دبنگ تقریروں سے آگے بڑھ کر غیر جانبداری سے ملک و قوم کے دوست نما دشمنوں سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے۔ کسی کو بھی یہ حق نہ دیا جائے کہ وہ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ بنے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کر دہ بیان میں الطاف شکورنے حکومت کی جانب سے غریب اور تنخواہ دار عوام کو آٹا، چینی، چاول اور دوسری اشیاء سستے داموں فراہمی کے لئے 15ارب روپے کے پیکج کے اعلان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ مہنگائی کم کرنے کی بجائے یوٹیلیٹی اسٹورز پر سستی اشیاء کی فراہمی ایک کے بجائے دو پاکستان کی عکاسی اور غریبوں کی عزت نفس کی توہین ہے۔ عمران خان سابقہ حکمرانوں کی طرح وقتی ٹوٹکوں سے کام چلانا بند کریں اور اپنے انتخابی وعدوں کے مطابق مجموعی طور پر مہنگائی کم کریں۔ کیا عوام کی قسمت میں ووٹ کے بدلے مہنگائی، بیروزگاری، تعلیم، علاج اور عزت نفس سے محرومی لکھی ہے؟ عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے رجوع کرنا چاہیں تو کدھر جائیں؟ مہنگائی اور بیروزگاری جیسے چکی کے دو پاٹوں میں پسنے والی عوام کے لئے 15 ارب روپے کا ریلیف پیکج ایک مذاق کے سوا کچھ نہیں ہے۔ کرپشن کے خاتمے کے منشور کے ساتھ اقتدار میں آنے والی پاکستان تحریک انصاف کے دور میں کرپشن میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے۔ وزیر اعظم کے دائیں بائیں موجود افراد نے عوام کو نچوڑ نچوڑ کر اپنی جیبیں بھرلی ہیں اور وزیر اعظم ابھی تک محض سخت کاروائی کروں گا، کے راگ الاپنے میں مصروف ہیں۔ ابھی تک کوئی بھی ایک ایسا قدم نہیں اٹھایا گیا جو عوام کے حق میں ہو۔ جس سے خودکشی کرتی، بیچاری عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔ پی ٹی آئی حکومت کو عوام نے تبدیلی کے حسین خواب کے ساتھ ووٹ دے کر اسمبلیوں تک پہنچایا، لیکن حکومت نے عوام کی بہتری و خوشحالی کے بجائے اقرباء پروری اور اپنوں کو بانٹنے والی گذشتہ حکومتوں کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے انتخابی مہم میں لگائے گئے پیسے لوٹانے کے لئے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو آسمان پر پہنچا دیا۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد مصنوعی بحرانوں نے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی۔ وزراء، مشیروں اور ان کے ہمنوا دوستوں نے دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹ کر اپنی جیبیں بھریں اور ابھی تک وزیر اعظم صاحب صرف سخت کاروائی کی تقریروں تک ہی پہنچ پائے ہیں۔ جبکہ عوام نے مایوس ہوکر قبروں میں پناہ ڈھونڈنی شروع کر دی ہے۔ تجاوزات ہٹاؤ مہم کے نتیجے میں بڑی تعداد میں وہ لوگ بیروزگار ہوگئے جو پتھارے اور ٹھیلے لگا کر گذر بسر کرتے تھے۔ ان کے زیر کفالت خاندانوں کی بحالی کے لئے کوئی پیکج، کوئی پروگرام نہیں بنایا گیا۔ نجانے کتنے خاندانوں کو بھوکے مرنے پر مجبور کر دیا گیا ہے۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

عائشہ ظفر کی تاریخی سنچری، پاکستان ویمنز نے زمبابوے کو ریکارڈ مارجن سے شکست دے دی

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) پاکستان ویمنز ٹیم نے زمبابوے کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے