میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) میرپورخاص چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر جابر مجید، سینئر نائب صدر مرزا زمان خان، نائب صدر علی باوانی، سابق صدر مرزا اعظم بیگ، ایگزیکٹو ممبران عبدالمنان خان، الیاس خان، جمشید قائمخانی اور شفیع ملک پر مشتمل ایک وفد نے ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ آفس میں نگراں ڈسٹرکٹ انچارج خوشی محمد مغل، جوائنٹ انچارجز آفاق احمد خان، خالد تبسم، سلیم میمن و اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی سے ملاقات کی اور فارماسیوٹیکل کاروبار کے لائسنس کے حصول میں مشکلات، ٹیکس، ایف بی آر، صنعت و حرفت اور رئیل اسٹیٹ کاروبار میں درپیش مسائل سمیت دیگر حل طلب امور پیش کئے۔ وفد نے بتایا کہ میرپورخاص میں سب رجسٹرار کی تاحال عدم تعیناتی کے سبب رئیل اسٹیٹ کاروبار شدید مندی کا شکار ہے اور جائیداد کی خرید و فروخت نہ ہونے کی وجہ سے بے روزگاری میں بھی مستقل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس موقع پر خوشی محمد مغل نے ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے ہر ممکن اور بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ متحدہ قیادت میرپورخاص میں صنعتوں کے قیام کے لئے بھرپورکوشش کرے گی جس سے بے روزگاری میں کمی آئے گی۔ میرپورخاص میں سب رجسٹرار کی تعیناتی سمیت دیگر مسائل کے فوری حل کے لئے ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی اور چیمبر آف کامرس کی تجاویز پر جلد مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ وفد نے باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور مسائل کے حل کے لئے مشترکہ اجلاسوں کے انعقاد پر اتفاق کیا۔ قبل اذیں وفد نے متحدہ رہنماؤں کو مبارکباد دی، پھولوں کے ہار پہنائے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
![]()