ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں بس اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 35 غیر ملکی عمرہ زائرین جاںبحق اور 4 زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق مدینہ منورہ کے نواحی گاؤں الاخل کے قریب حجرہ روڈ پر ایک بس مخالف سمت سے آنے والے لوڈر ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے بعد میں اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ بس میں 39 غیر ملکی مسافر سوار تھے جن کا تعلق عرب اور ایشیائی ممالک سے تھا اور وہ مدینہ جارہے تھے۔ حادثے میں 35 افراد موقع پر ہی جاںبحق اور 4 شدید زخمی ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچے اور لاشوں و زخمیوں کو الحمنا ہسپتا ل منتقل کیا گیا جہاں 35 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی۔ 4 زخمیوں کی حالت بھی تشویش ناک بتائی جاتی ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ سعودی حکام نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ مدینہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز نے مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
![]()