کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن سے صوبائی سطح پر پولیس کے مربوط روابط اور باہمی تعاون کے حوالے سے آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام کی ذیر صدارت سینٹرل پولیس آفس کراچی میں اعلیٰ سطحی ویڈیو کانفرنسنگ اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر سی او ڈاکٹرمنہاج اے قدوائی نے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے مجموعی امور و اقدامات پر اجلاس کو خصوصی بریفنگ دی۔ اس اجلاس میں عوام الناس کی صحت اور طبی سہولیات کی فراہمی جیسے معاملات کا خصوصی حوالوں سے جائزہ لیتے ہوئے آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے صوبے بھر میں عطائی ڈاکٹروں/ نرسنگ اسٹاف کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران بحیثیت ایک ٹیم کے انکی بھرپور مدد اور معاونت کے عمل کو یقینی بنایا جائے کیونکہ یہ انسانی زندگی اور صحت کا معاملہ ہے جس پر عمل داری اشد ضروری ہے۔ آئی جی سندھ نے ضلعی پولیس افسران کو احکامات دیئے کہ متعلقہ اضلاع کے جملہ تھانہ جات کی حدود میں ممکنہ طور پر سرگرم عطائی ڈاکٹرز/نرسنگ اسٹاف کی فہرستیں ترتیب دی جائیں اور اس حوالے سے ہر سطح پر تمام تر مثبت اور سنجیدہ کاوشوں کو یقینی بنایا جائے جبکہ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کو متعلقہ اضلاع میں اس مقصد کے لیئے مقرر کردہ پولیس فوکل پرسنز کی فہرستیں بھی فراہم کی جائیں تاکہ مشترکہ اقدامات اور باہمی تعاون کے ذریعے عطائی ڈاکٹرز اور نرسنگ اسٹاف کے خلاف ہر ممکن اقدامات کو کامیاب اور نتیجہ خیز بنایا جاسکے۔ آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ انسانی صحت اور زندگی سے کھیلنے والے ایسے عناصر سے کوئی رو رعایت ہرگز نہ برتی جائے اورانکے خلاف ہر ممکن غیرجانبدارانہ اقدامات اٹھاتے ہوئے انکی حوصلہ شکنی جیسے عمل کو ممکن بنایا جائے۔ اجلاس میں سندھ ہیلتھ کیئرکمیشن کے سی او ڈاکٹر منہاج اے قدوائی پر مشتمل تین رکنی وفد کے علاوہ ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اینڈ ٹریننگ، ڈی آئی جیز ہیڈ کوارٹرز، فائنانس، آپریشن، اے آئی جیز آپریشنز، ویلفیئر، فائنانس جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے ایڈیشنل آئی جیز کراچی، سکھر، زونل ڈی آئی جیز سمیت ہیڈ کوارٹرز سندھ، شہید بینظیرآباد، میرپورخاص، سکھر اور لاڑکانہ کے ڈی آئی جیز نے بھی شرکت کی۔
![]()