ڈیرہ اسماعیل خان(رپورٹ: گوہرغنچہ) یوم پاکستان کی مناسبت سے 23 مارچ کو ڈیرہ پریس کلب کے زیر اہتمام منعقدہ مشاعرے نے خوشیوں کے رنگ بکھیر دیے۔ صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے مشاعرے میں شرکت کرکے شعراء کرام کی حوصلہ افزائی کی۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے 23 مارچ کو پاک فوج کے تعاون اور ڈیرہ پریس کلب کے زیر اہتمام عاطف شہید پارک ڈیرہ کینٹ میں محفل مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈیرہ، ٹانک اور درابن کے شعراء کرام نے بھرپور طریقے سے حصہ لیا۔ مشاعرے کی صدارت بریگیڈیئر راﺅ عمران سرتاج نے کی جبکہ مہمان خصوصی ضلعی ناظم عزیز اللہ علیزئی تھے، محفل مشاعرہ میں نظامت کے فرائض ڈیرہ کے باصلاحیت نوجوانوں آفتاب احمد اعوان اور سعد عبداللہ نے سرانجام دئیے۔ استقبالیہ کلمات ڈیرہ پریس کلب کے صدر لالہ محمد یسین قریشی نے ادا کیے۔ انہوں نے کہا کہ مشاعرے ہمارے تہذیب کا ایک حصہ ہیں۔ ڈیرہ پریس کلب کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ اپنی تابندہ روایات کو برقرار رکھا جائے اور یہ مشاعرہ بھی اس ہی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ڈیرہ پریس کلب کے صدر نے کہا کہ ڈیرہ پریس کلب اپنے قیام سے لیکر اب تک ہمیشہ سیاسی، ثقافتی اور ادبی سرگرمیوں کا مرکز رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ پریس کلب کے پلیٹ فارم سے مستقبل میں بھی اس طرح کے مشاعرے کرانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے ڈیرہ اسمعیل خان میں عوامی مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے اورمختلف تفریحی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اسٹیشن کمانڈر ڈیرہ برگیڈیر راؤ عمران سرتاج کے کردار محنت اور لگن کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔ بریگیڈیئر راﺅ عمران سرتاج نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج یہاں شعراء کا کلام سن کر انتہائی خوشی محسوس ہوئی ہے۔ ان کا کلام انتہائی بلند پایہ تھا جس سے یہاں آنے والے تمام مہمان انتہائی محظوظ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ کے نامور شعراء کرام کی موجودگی سے اس محفل کو چار چاند لگ گئے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ اس طرح کے ادبی پروگرام ہوتے رہنے چاہییں اور تمام تنظمیوں کو مل چلنا چاہئے۔ انہوں نے عاطف شہید پارک ڈیرہ میں منعقدہ محفل مشاعرے کو اپنی نوعیت کی منفرد تقریب قرار دیتے ہوئے ڈیرہ کے نمایاں شعراء کرام ایک وقت میں ایک جگہ جمع کرنے پر ڈیرہ پریس کلب کی کابینہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری شیخ توقیر اکرم سابق جنرل سیکرٹری محمد فضل الرحمان نے بھی خطاب کیا۔ مشاعرے میں اپنے اشعار کے ذریعے مشاعرے کو رونق بخشنے اور شرکاء کو محظوظ کرنے والوں میں رحمت اللہ عامر، عصمت گورمانی، سرور جان سرور، اسد اشلوک، اسد اجنبی، سعدعبداللہ، ریاض نادان، ایم پی کے محمد عمران، محمد رمضان کاوش، سید عابد شاہ کاظمی، زاہد محمود زاہد، عارف سلطان، انعام اللہ انعام، اظہر گنڈہ پور شامل تھے۔ محفل مشاعرے کی تقریب کے اختتام پر ڈیرہ پریس کلب کے ممبر اور سنیئر صحافی قیوم نواز بابڑ نے بریگیڈیر راﺅ عمران سرتاج کو روایتی لنگی پہنائی، ڈیرہ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری شیخ توقیر اکرم اور سابق جنرل سیکرٹری و گومل یونیورسٹی کے سابق پبلسٹی آفیسر محمد فضل الرحمان نے مہمان خصوصی کو شیلڈ پیش کی۔ بعدازاں بریگیڈیر راﺅ عمران سرتاج اور ضلع ناظم عزیز اللہ علیزئی نے شعراء کے مابین اسناد تقسیم کیں۔ مشاعرے میں سابق ایم پی اے مظہر جمیل علیزئی، قیضار خان، میان خیل ایڈوکیٹ، ڈاکٹر عبداللہ ظفری اور صحافیوں کے علاوہ مختلف سیاسی و سماجی رہنما اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
![]()