کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ڈرگ ایڈمنسٹریشن سندھ نے کراچی سمیت صوبہ بھر میں بغیرڈرگ لائسنس میڈیکل اسٹورز، فارمیسی کے خلاف یکم فروری تا 28 فروری خصوصی مہم چلانے کا آغاز کردیا ہے صوبائی چیف ڈرگ انسپکٹر عدنان رضوی نے صوبہ بھر کے ڈرگ انسپکٹرز کو تحریری مراسلے میں ہدایت کی ہے کہ جو میڈیکل اسٹورز فارمیسی بغیر لائسنس ادویات کی خرید و فروخت کررہے ہیں انہیں فوری سربمہر کرکے ادویہ بحق سرکار ضبط کرلیں اور جن میڈیکل اسٹورز نے ڈرگ لائسنس کی مدت ختم ہونے کے بعد تجدید نہیں کروائی ہے ان کے خلاف بھی ڈرگ ایکٹ کے مطابق فوری کارروائی عمل میں لائی جائے تاہم جن میڈیکل اسٹورز نے لائسنس کے اجراء اور تجدید کے لئے باقاعدہ درخواست دے رکھی ہے اور ان کے پاس چالان اور کیس جمع کرانے کی اصل رسید موجود ہے ایسے میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز کو خوامخواہ ہراساں اور پریشان کرنے سے گریز کیا جائے بل ورانٹی، ادویہ کے ٹمپریچر کے ماحول سمیت صفائی ستھرائی اور فروخت شدہ ادویات کے کیش میمو بلز وغیرہ کی صورتحال کو بھی جانچیں اور قریب المعیاد ادویہ کی شیلف میں موجود گی کانوٹس لیں۔ علاوہ ازیں چیف ڈرگ انسپکٹر کے ایک دوسرے تحریری مراسلے کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) متبادل ادویہ کے حکم پر عمل درآمد کے نوٹس کے لئے بھی واضح ہدایت دی گئی ہے کہ کراچی سمیت صوبہ بھر میں متبادل ادویہ، یونانی، ہومیوپیتھی، ہربل اور آریوویدرک کے مینوفیکچررز، امپورٹرز، میڈیکل اسٹورز، فارمیسیز اگر بغیر فارم 7 میں اینلیسمنٹ کے مذکورہ دوا کی تیاری، برآمدگی اور خرید و فروخت میں ملوث ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے اور مذکورہ ادویہ کو بغیر اینلیسمنٹ ہونے کے بحق سرکار ضبط کرلیا جائے۔
![]()