کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ماہی گیروں کے ادارے فشر مینز کوآپریٹو کو سالانہ اربوں روپے کا نقصان پہنچانے والی ساحلی پٹی پر قائم غیر قانونی جیٹیوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کر لیا گیا جبکہ کراچی فش ہاربرکی تزئین و آرائش کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی فش ہاربر پر چیئرمین فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی عبدالبر کی زیر صدارت ہونے والی بورڈ میٹنگ میں اہم فیصلے کیے گئے۔ فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی کو سالانہ اربوں روپے کے نقصان کا سبب بننے والی چھوٹی بڑی 39 جیٹیوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ اور غیر قانونی جیٹیوں کے خاتمے کے بعد فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی کو حاصل ہونے والی آمدنی ماہی گیروں کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے گی۔ اور کسمپرسی کی زندگی گذارنے والے ماہی گیروں کی زندگی میں خوشحالی لائی جا سکے گی۔ اجلاس میں کراچی فش ہاربر اتھارٹی کے بورڈ کی جلد تشکیل پر بھی زور دیا گیا۔ اجلاس میں بلوچستان میں سندھ کے ماہی گیروں کے شکار پر پابندی اور ڈیپ سی پالیسی کے نفاذ کے بعد ماہی گیروں کوپہنچنے والے نقصانات سے متعلق بھی غور وخوض کیا گیا۔ چیئرمین فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی عبدالبر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ڈائریکٹرز آصف بھٹی، عبدالروف ابراہیم، سید وقاص احمد، عمر ہاشمی، آصف مقصود، ایم ڈی کراچی فش ہاربر اتھارٹی، ڈائریکٹر سندھ فشریز، ایڈیشنل کمشنر کراچی اور دیگر افسران بھی شریک تھے۔
![]()