کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کراچی ویمنز ہاکی ٹیم کے لئے ٹاپ سٹی ون اور کے ایچ اے درمیان ہونے والے محاہدے کے پہلے مرحلے پر عمل درآمد ہوگیا، کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کی چیئرپرسن پی ایچ ایف ویمنز ونگ سندھ کی جنرل منیجر و صوبائی وزیر برائے ترقی نسواں سیدہ شہلا رضا کی ہداہت پر کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ تین روزہ اوپن ٹرائلز میں 70 سے زیادہ کھلاڑیوں نے شرکت کی، اولمپیئن ناصر علی کی سربراہی میں انٹر نیشنل ہاکی پیلئر آصف احمد خان، عمران سلیم اور سمیرا نسیم پر مشتمل چارکنی سلیکشن کمیٹی نے ٹرائلز لئے۔
تین روزہ ٹرائلز کے دوران قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان حنیف خان مخصوص سیشن میں کھلاڑیوں کو ٹپس دیں، ٹرائلز کے بعد چیف سلیکٹر اولمپیئن ناصر علی نے ٹاپ سٹی ون کراچی ویمن ہاکی ٹیم کی تربیتی کیمپ کے لئے 30 کھلاڑیوں کا اعلان کیا، اس موقع پر دیگر سلیکٹر سمیت ٹاپ سٹی ون کے جنرل منیجر مارکیٹنگ ساؤتھ عمران سلیم بھی موجود تھے، اعلان کردہ کھلاڑی کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس میں بدھ سے لگنے والے دس روزہ تربیتی کیمپ میں شریک ہونگی۔ کھلاڑیوں کو دوپہر 2:30 بجے کیمپ کمانڈنٹ کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سیدہ شہلا رضا نے اولمپیئن ناصر علی کو چیف سلیکٹر اور کیمپ کمانڈنٹ نامز کیا ہے جبکہ ان کے ساتھ سندھ ویمنز ٹیم کے کوآرڈینیٹر ابوذر امراؤ، انٹرنیشنل ہاکی پلیئرز لئیق لاشاری، آصف احمد خان، عاصم خان، ایم خالد جونیئر اور سمیرا نسیم کوچنگ پینل میں شامل ہیں، دس روزہ کیمپ کے بعد منتخب 18 کھلاڑیوں کو ملکی تاریخ میں پہلی بار ٹاپ سٹی ون کی جانب سے ایک سال کے کنٹریکٹ کے تحت فی کس 15 ہزار اور دو آفیشل کو 20، 20 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن سے پہلے ملکی تاریخ میں کسی بھی کھیل سے وابستہ علاقائی ٹیم کو نہ کوئی میڈیکل انشورنس سمیت ماہانہ وظیفہ دینے کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ کے ایچ اے نے کھلاڑیوں کراچی کی ویمن ٹیم کو ایک ڈیپارٹمنٹل ٹیم کی طرح تمام سہولیات دینے کے لئے ٹاپ سٹی ون سے باقاعدہ ایک سال کا معاہدہ کیا ہے۔ کیمپ کے لئے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں شازمہ نسیم، لاریب چوہان، شیزا اور منتاہا گول کیپرز، عائشہ محمود، کشمالہ بتول، حفسہ ظفر اور صالحہ ملک فل بیک جبکہ اقرا اقبال، سحر افشاں، رومیسہ خان، بتول کاظم، فریحہ وسیم، لائیبہ اظہر، ازکاء فاطمہ اور کائینات ہاف بیک میں شامل ہیں۔ اعلان کردہ فارورڈ کھلاڑیوں میں دعا خان، صائمہ غلام، ماہین علی، سحرش صابر، ہما مایہ، فاطیمہ بختیار، مہک یاسین، رباب فاطیمہ، تحریم نوشاد، بشرا مجیب، یسرا عامر، معصومہ جعفری، نمرا سلیم، مقدس اور عینی فاروق شامل ہیں، تمام کھلاڑیوں کو بدھ کی دوپہر دو بجے کیمپ کمانڈنٹ و ہیڈ کوچ اولمپیئن ناصر علی کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔