کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی نے کراچی نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف کی سڑکوں اور گلیوں کی بندش کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کی میڈیا کو آرڈینیٹر عزیز فاطمہ کی جانب سے وکیل عرفان عزیز ایڈووکیٹ نے سندھ ہائی کورٹ میں دائر کی گئی آئینی درخواست میں کہا ہے کہ 26 جنوری سے 31 جنوری 2021 تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والے بین الاقوامی میچوں کی وجہ سے اطراف کی تمام سڑکوں اور گلیوں کو بند کر کے، گذرنے والے ٹریفک کو روک دیا گیا ہے جوکہ شہریوں کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اس بندش کی وجہ سے کراچی کی پوری ٹریفک، شہری، طلبہ اور مریض بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے بین الاقوامی میچوں کی خاطر مصروف سڑکوں کو روکنا انتظامیہ کی مکمل ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔ آئینی درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ سر شاہ سلیمان روڈ، یونیورسٹی روڈ، ڈالمیا روڈ، آغا خان روڈ، کارساز روڈ، اور نیشنل اسٹیڈیم کے آس پاس سے رکاوٹوں اور کنٹینرز کو فوری طور پر ہٹایا جائے اور عوام کی پریشانی کا ازالہ کیا جائے۔ کیس کی سماعت، سندھ ہائی کورٹ میں کل بروز جمعرات 28 جنوری 2021 کو ہو گی۔
![]()