رپورٹ: زیاب احمد بلاول بھٹو کی اسحاق ڈار سے معاملہ ذاتی طور پر دیکھنے کی درخواست، مولانا فضل الرحمان کے اہلِ خانہ کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک کی مذمت
اسلام آباد: 28 نومبر 2026
حکومتی وفد نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے اہم ملاقات کی، جس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر مبینہ چھاپے اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ کیے جانے والے سلوک کا معاملہ زیرِ بحث آیا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں حکومتی وفد اسلام آباد میں زرداری ہاؤس پہنچا، جہاں بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی گئی۔ حکومتی وفد میں قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی شامل تھے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹر شیری رحمان اور نوید قمر بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔
جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس، ممکنہ قانون سازی اور قومی اسمبلی و سینیٹ کے اجلاسوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر مبینہ چھاپے کا معاملہ اٹھایا اور اسحاق ڈار سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے کو ذاتی طور پر دیکھیں۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے اہلِ خانہ کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
حکومتی وفد اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ہونے والی ملاقات کی اندرونی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے باہمی سیاسی تناؤ کم کرنے اور ایک دوسرے کے خلاف کم سے کم بیانات دینے پر اتفاق کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے قانون سازی کے عمل کو آگے بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا اور تجویز دی کہ پہلے قومی اسمبلی جبکہ اس کے بعد سینیٹ کا اجلاس بلایا جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے دونوں پارلیمانی رہنماؤں کی موجودگی میں اس تجویز سے اتفاق کیا۔ ذرائع کے مطابق آئندہ ایک سے دو روز میں قومی اسمبلی کے اجلاس کی تاریخ سامنے آنے کا امکان ہے۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی ماضی کی طرح مل کر قانون سازی کے عمل کو آگے بڑھائیں گی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران نئے صوبوں کے قیام یا ریفرنڈم کے معاملے پر کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔