رپورٹ:(زیاب احمد)خلیج میں ایرانی جزیرہ ہنگام کے قریب امریکی ایف 16 لڑاکا طیارے کو وارننگ فائر کرکے واپس جانے پر مجبور کرنے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔
الجزیرہ نے ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق امریکی لڑاکا طیارہ جزیرہ ہنگام کے جنوب مشرقی ساحلی پانیوں میں ایرانی فضائی حدود کے قریب پہنچا تھا۔
ایرانی بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی طیارہ ایسے بحری جہازوں کو فضائی تحفظ فراہم کر رہا تھا جو مبینہ طور پر سمندری آمدورفت کے ضوابط کی خلاف ورزی کر رہے تھے۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق ایرانی فضائی دفاعی نظام کی جانب سے کارروائی کے بعد امریکی ایف 16 طیارے نے اچانک اپنا رخ تبدیل کیا اور علاقے سے واپس چلا گیا۔
ایرانی حکام نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کے ضوابط اور نگرانی کے نظام کو نظرانداز کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رہا تو اس کے ذمہ دار عناصر اور ان کی حمایت کرنے والی فوجی قوتوں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ایرانی فوج نے مزید کہا ہے کہ ملک کی فضائی حدود اس کے لیے ایک ناقابلِ سمجھوتہ سرخ لکیر ہیں اور امریکی طیاروں کی جانب سے خلاف ورزی کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ امریکی ایف 16 لڑاکا طیارے کو واپس جانے پر مجبور کرنے کا یہ دعویٰ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے واقعے کی آزادانہ تصدیق فراہم نہیں کی گئی۔