رپورٹ: زیاب احمدوسف گوٹھ بس ٹرمینل پر دو الگ کارروائیاں، دو پاکستانی شہریوں کو غیر قانونی طور پر ایران منتقل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، ملزمان کے موبائل فونز سے اہم شواہد برآمد
کراچی: 29 نومبر 2026
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کراچی کے علاقے یوسف گوٹھ بس ٹرمینل پر دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران انسانی اسمگلنگ اور جعلی پاکستانی شناختی دستاویزات کے نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ دو پاکستانی شہریوں کو غیر قانونی طور پر ایران منتقل کرنے کی کوشش بھی ناکام بنا دی گئی۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے پہلی کارروائی یوسف گوٹھ بس ٹرمینل پر قائم المہاز کوچ سروس کے دفتر میں کی، جہاں سے کوچ سروس کے منیجر محمد سلیم کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کے موبائل فونز کی جانچ پڑتال کے دوران مبینہ طور پر انسانی اسمگلنگ، غیر قانونی راستوں اور مالی لین دین سے متعلق واٹس ایپ پیغامات اور دیگر اہم ریکارڈ برآمد ہوا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے دو پاکستانی شہریوں فیروز اور دلدار کو کراچی سے جیوانی اور وہاں سے غیر قانونی طور پر ایران منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ اس مقصد کے لیے دونوں شہریوں سے فی کس 15 ہزار روپے وصول کیے گئے تھے۔ تاہم ایف آئی اے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں افراد کو بازیاب کرا لیا۔
دوسری کارروائی میں دو افغان شہری گرفتار
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق دوسری کارروائی کے دوران دو افغان شہریوں نیسر احمد اور عبدالرحمٰن کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے جعلی اور ردوبدل شدہ پاکستانی شناختی کارڈز کی رنگین فوٹو کاپیاں اور ایک افغان پاسپورٹ بھی برآمد ہوا۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ چمن بارڈر کے راستے غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوئے تھے۔ انہوں نے کوئٹہ میں موجود ایک ایجنٹ کو 65 ہزار روپے ادا کیے تھے، جس کے بدلے انہیں جعلی پاکستانی شناختی دستاویزات فراہم کرنے اور غیر قانونی راستوں کے ذریعے ایران اور عراق منتقل کرنے کے انتظامات کیے جا رہے تھے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق انسانی اسمگلنگ، غیر قانونی امیگریشن اور جعلی شناختی دستاویزات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔