کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف سندھ (سجاس) کے اشتراک سے پاکستان کے ممتاز کرکٹ صحافی، مبصر، مصنف اور سابق فرسٹ کلاس کرکٹر قمر احمد کی یاد میں تعزیتی و خراجِ عقیدت تقریب منعقد ہوئی۔ مقررین نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ کرکٹ صحافت میں غیر معمولی خدمات انجام دینے والے قمر احمد کو بعد از مرگ صدارتی سول ایوارڈ سے نوازا جائے۔
تقریب سے سابق ٹیسٹ کرکٹرز صادق محمد، جلال الدین، معین خان، شعیب محمد، آرٹس کونسل آف پاکستان کے صدر احمد شاہ، پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل اصغر عظیم، سجاس کے صدر محمود ریاض، مظہر عباس، اویس توحید، مرزا اقبال بیگ، وحید خان، رشاد محمود، شاہد ہاشمی، رشید شکور، اسپیشل ایونٹس کمیٹی کے چیئرمین اقبال لطیف سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا، جبکہ مشتاق محمد، وسیم اکرم، راشد لطیف اور ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز فاسٹ بولر مائیکل ہولڈنگ نے ویڈیو پیغامات کے ذریعے مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ قمر احمد کرکٹ صحافت کی دنیا میں ایک معتبر اور مستند نام تھے، جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کرکٹ کے فروغ اور صحافت کے اعلیٰ معیار کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ انہوں نے 453 ٹیسٹ میچز، 742 ایک روزہ بین الاقوامی میچز اور 9 آئی سی سی ورلڈ کپ کی کوریج کا منفرد اعزاز حاصل کیا، جو پاکستانی اسپورٹس جرنلزم میں ایک بے مثال ریکارڈ ہے۔
تقریب کے شرکاء نے کہا کہ قمر احمد کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں انہیں زندگی ہی میں اعلیٰ ترین سول اعزاز ملنا چاہیے تھا، تاہم اب حکومتِ پاکستان ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں بعد از مرگ صدارتی سول ایوارڈ سے نوازے۔ تقریب کے اختتام پر مرحوم قمر احمد کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔