کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں برہان مظفر وانی کی 10ویں برسی کے موقع پر ’’برہان وانی۔۔۔ ایک تحریک، ایک سنگِ میل‘‘ کے عنوان سے تقریب منعقد ہوئی، جس میں آل پاکستان پارٹیز حریت کانفرنس، جموں و کشمیر کے کنوینر غلام محمد صفی، رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی، حریت رہنما شیخ عبدالمتین، سردار صغیر احمد ایڈووکیٹ، تجزیہ نگار سردار نزاکت خان اور ایڈووکیٹ پرویز شاہ نے خطاب کیا، جبکہ نظامت کے فرائض بشیر سدوزئی نے انجام دیے۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
مقررین نے اپنے خطابات میں مسئلۂ کشمیر، کشمیری عوام کی جدوجہد اور برہان مظفر وانی کے کردار پر اظہارِ خیال کیا۔ غلام محمد صفی نے کہا کہ بھارت کی خارجہ پالیسی اور توسیع پسندانہ عزائم کو سمجھنا ضروری ہے، جبکہ شرمیلا فاروقی نے کہا کہ کشمیر کا فیصلہ کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مختلف ادوار میں قومی و بین الاقوامی فورمز پر مسئلۂ کشمیر اٹھاتی رہی ہے۔ دیگر مقررین نے بھی برہان مظفر وانی کو کشمیری نوجوانوں کی علامت قرار دیتے ہوئے کشمیری عوام کی جدوجہد اور حقِ خودارادیت سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔