(رپورٹ زیا ب احمد) اسلام آباد (مانٹریںنگ ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مکہ دفاعی معاہدے میں شامل ممالک کے نمائندے اسلام آباد میں ہونے والے اہم اجلاس میں سعودی عرب اور یمن کے حوثیوں کے درمیان جاری تنازع پر تبادلہ خیال کریں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے یمن کے حوثیوں کے خلاف سعودی عرب کی حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کو لاحق کسی بھی قسم کا خطرہ پاکستان اور ترکیہ کے لیے بھی خطرہ تصور کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے معاہدے کا مؤقف بالکل واضح ہے۔
امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والا مکہ دفاعی معاہدہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت تینوں ممالک کے درمیان مسلسل مشاورت کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ کے اقدامات جلد طے کیے جا سکیں۔ ان کے مطابق اگلے چند ماہ میں تمام ضروری انتظامات مکمل کرنے کے بعد معاہدے پر مزید پیش رفت کی جا سکے گی۔
خواجہ آصف نے انٹرویو کے دوران اس سوال کا براہ راست جواب دینے سے گریز کیا کہ اگر ایران کی جانب سے سعودی عرب پر براہ راست حملہ کیا جاتا ہے تو مکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان اور دیگر اتحادی ممالک کا ممکنہ ردعمل کیا ہوگا۔ تاہم انہوں نے اسرائیل کو خطے کے دیگر ممالک کے لیے ایک ممکنہ خطرہ قرار دیا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے مزید کشیدگی اور جارحیت کا امکان موجود ہے، اس لیے خطے کے ممالک کو متحد ہو کر اپنی صفیں مضبوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مقابلہ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے انتہائی تعمیری کردار ادا کیا، تاہم دونوں ممالک کے درمیان جاری مصالحتی کوششوں کے نتائج ابھی واضح نہیں ہیں۔ ان کے مطابق خطے میں امن کے حوالے سے عوام کی توقعات پوری نہیں ہو سکیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کیا تھا، جس کے نتیجے میں رواں سال جون میں دونوں ممالک کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا تھا۔ اس کے بعد مختصر مدت کے لیے دونوں فریقین نے جنگ روک دی تھی، جبکہ معاہدے میں مستقل جنگ بندی کے لیے بھی اقدامات تجویز کیے گئے تھے۔
دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدے میں آبنائے ہرمز کی بحالی اور ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات کا معاملہ بھی شامل تھا۔