کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سندھ کے سرکاری کالجز میں طلبہ کے لیے کم از کم 75 فیصد حاضری لازمی قرار دے دی گئی ہے، جبکہ مقررہ حاضری پوری نہ کرنے والے طلبہ کو امتحانات میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی اس حوالے سے محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ اور سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن (سپلا) کے اشتراک سے پہلی مشاورتی کانفرنس منعقد ہوئی جس کی صدارت سیکریٹری کالجز ندیم الرحمٰن میمن نے کی۔ کانفرنس میں کراچی کے سرکاری کالجز کے پرنسپلز، چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی پروفیسر فقیر محمد لاکھو، ریجنل ڈائریکٹر کالجز پروفیسر گلاب رائے اور سپلا کے صدر پروفیسر منور عباس سمیت دیگر افسران اور اساتذہ نے شرکت کی۔
اس موقع پر ندیم میمن نے کہا کہ کالجز میں تعلیمی معیار اور تدریسی سرگرمیوں کو بہتر بنانے کے لیے طلبہ کی باقاعدہ حاضری ضروری ہے، 75 فیصد حاضری کی شرط پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا اور اس معاملے میں کوئی رعایت نہیں ہوگی انہوں نے پرنسپلز کو ہدایت کی کہ داخلوں، طلبہ کی حاضری اور انتظامی نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔