کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) آئی سی آر سی نیشنل فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ چیمپئن شپ میں کوئٹہ نے لاڑکانہ کو 120 رنز جبکہ کراچی نے کوئٹہ بولان کو 122 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی کوئٹہ کی کامیابی میں سیف اللہ نے ناقابل شکست 112 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ تنویر احمد نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک سمیت چار وکٹیں حاصل کیں دوسرے میچ میں خورشید علی نے 103 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر کراچی کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اور آئی سی آر سی کے تعاون سے راشد لطیف کرکٹ گراؤنڈ میں جاری چیمپئن شپ کے چوتھے مرحلے کے دوسرے روز کوئٹہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں پر 197 رنز بنائے جواب میں لاڑکانہ کی ٹیم 77 رنز پر ڈھیر ہوگئی دوسرے میچ میں کراچی نے خورشید علی کے 103 اور وحید خان کے ناقابل شکست 64 رنز کی بدولت 2 وکٹوں پر 186 رنز اسکور کیے، جواب میں کوئٹہ بولان کی ٹیم 64 رنز تک محدود رہی اسامہ نے 8 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ میچز کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی نے نمایاں کھلاڑیوں میں پلیئر آف دی میچ ایوارڈز اور نقد انعامات تقسیم کیے۔ چیمپئن شپ میں آج مزید دو میچز کھیلے جائیں گے۔