کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) نیپال میں حالیہ شدید سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر پاکستان نے متاثرہ نیپالی عوام کے لیے 100 ٹن انسانی امداد روانہ کردی امدادی سامان میں آفت سے متاثرہ افراد کی فوری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری اشیائے خورونوش اور دیگر امدادی سامان شامل ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق امدادی سامان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے تعاون سے فراہم کیا گیا جسے خصوصی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے نیپال روانہ کیا گیا۔ پاکستان کی جانب سے یہ امداد مشکل کی اس گھڑی میں نیپالی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور انسانی ہمدردی کے جذبے کی عکاس ہے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان قدرتی آفات کے دوران اپنے دوست ممالک اور ان کے عوام کے ساتھ کھڑا رہنے کی روایت پر قائم ہے نیپال میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد علاقوں میں معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں جس کے پیش نظر پاکستانی امداد متاثرین کی فوری ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہوگی
پاکستان نے نیپالی حکومت اور عوام سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اسلام آباد نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا ہے کہ مشکل وقت میں متاثرہ انسانوں کی مدد اور امدادی سرگرمیوں میں تعاون پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔