کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) داؤدی بوہرہ جماعت کے سیفی اسپتال میں 11 منزلہ جدید کارڈیک ونگ کا افتتاح کردیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، قونصل جنرلز، سرکاری حکام، ڈاکٹرز، طبی ماہرین اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی عالی قدر ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین کے بھائی شہزادہ قصیٰ وجیہہ الدین نے تقریب میں ان کی نمائندگی کی وزیراعلیٰ سندھ نے نئی طبی سہولت کے قیام پر داؤدی بوہرہ برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کارڈیک ونگ کراچی کے شہریوں کو دل کے امراض کے جدید اور معیاری علاج کی سہولیات فراہم کرے گا، جبکہ وفاقی وزیر خزانہ نے اس اقدام کو کراچی کے لیے قیمتی تحفہ قرار دیتے ہوئے داؤدی بوہرہ برادری کی سماجی خدمات کو سراہا۔
نئے کارڈیک ونگ میں دل کے امراض کے علاج کے لیے ایمرجنسی سروسز، ماہرین کی مشاورت، جدید تشخیصی ٹیسٹ، انٹروینشنل کارڈیالوجی، کارڈیک سرجری، انتہائی نگہداشت اور بحالی سمیت جامع طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی منصوبے کی بنیاد 2022 میں رکھی گئی تھی اور جدید طبی آلات و کلینیکل سسٹمز سے آراستہ یہ مرکز سیفی اسپتال کی امراض قلب کے علاج کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گا سیفی اسپتال داؤدی بوہرہ برادری کا کثیرالشعبہ طبی ادارہ ہے، جسے عالی قدر مرحوم سیدنا محمد برہان الدین نے اپنے والد عالی قدر مرحوم سیدنا طاہر سیف الدین کی یاد میں قائم کیا تھا۔