کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) جشنِ آزادی پاکستان کے سلسلے میں کے ایم سی کمپلیکس میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے دوران سندھ واکنگ فٹبال ایسوسی ایشن کے خصوصی تعاون سے روہیلہ واکنگ فٹبال کلب اور زمان واکنگ فٹبال کلب کے درمیان ایک دلچسپ اور سنسنی خیز دوستانہ واکنگ فٹبال میچ کھیلا گیا تقریب کے مہمانِ خصوصی سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل احمد علی راجپوت تھے جبکہ کھیل سے وابستہ شخصیات اور کھلاڑیوں نے تقریب میں شرکت کی اس موقع پر قومی جذبے سے سرشار کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ مقابلے میں حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان شاندار مقابلہ دیکھنے کو ملا کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ایک دوسرے پر برتری حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی جبکہ گراؤنڈ میں موجود شائقین نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
جشنِ آزادی کے حوالے سے منعقدہ اس مقابلے کا ماحول قومی جذبے اور کھیلوں کی سرگرمیوں سے بھرپور رہا اس موقع پر احمد علی راجپوت نے کہا کہ جشنِ آزادی کے موقع پر کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد خوش آئند ہے کھیل نہ صرف صحت مند معاشرے کے قیام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ نوجوانوں میں نظم و ضبط ٹیم ورک اور مثبت سوچ بھی پیدا کرتے ہیں واکنگ فٹبال جیسے کھیل کو فروغ دے کر زیادہ سے زیادہ افراد کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکتا ہے
صدر اختر خان نے کہا کہ سندھ واکنگ فٹبال ایسوسی ایشن صوبے میں واکنگ فٹبال کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور مستقبل میں بھی ایسے مقابلوں اور سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تقریب کے اختتام پر کھلاڑیوں اور منتظمین میں انعامات اور اعزازات بھی تقسیم کیے گئے شرکاء نے جشنِ آزادی کے موقع پر کھیلوں کے ذریعے قومی یکجہتی اور بھائی چارے کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔