کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6، خیابانِ سحر اسٹریٹ 13 میں نیشنل ریفائنری لمیٹڈ (این آر ایل) کی خام تیل کی پائپ لائن میں لیکیج کے واقعے پر سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) نے حفاظتی اعلامیہ جاری کردیا۔ ڈی جی سیپا عاشق لانگا کے مطابق لیکیج گزشتہ رات تقریباً 10 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوئی، اطلاع ملنے پر این آر ایل کی رسپانس ٹیم رات تقریباً 12 بجے موقع پر پہنچی اور تیل کے پھیلاؤ کو روکنے کے ساتھ صفائی کا عمل شروع کردیا۔ اسپِل کٹس کے ذریعے اب تک 20 سے زائد ڈرم خام تیل برآمد کیا جاچکا ہے جبکہ لیکیج کے اصل مقام کا تعین کرنے کے لیے متاثرہ جگہ پر کھدائی بھی شروع کردی گئی ہے۔
سیکریٹری ماحولیات فیصل عقیلی نے ہدایت کی ہے کہ لیکیج کا فوری تدارک کرتے ہوئے متاثرہ مٹی، ریت اور کیچڑ کو ماحولیاتی قوانین کے مطابق محفوظ طریقے سے تلف کیا جائے اور کارروائی مکمل ہونے کے بعد متاثرہ جگہ پر صاف ریت ڈالی جائے۔ سیپا نے این آر ایل انتظامیہ کو لیکیج روکنے، آلودہ مواد کی مناسب تلفی اور ماحولیاتی اثرات کا جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں کو متاثرہ علاقے سے دور رہنے، خام تیل کے قریب سگریٹ نوشی یا کھلے شعلے سے گریز کرنے اور تیل کو پانی کے ذریعے نالیوں میں بہانے کی کوشش نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔