کراچی(رپورٹ، ذیشان حسین) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن (KHA) کے زیرِ اہتمام مفت سمر ہاکی ٹریننگ کیمپ یکم جون سے شروع ہو گئے ہیں۔ یہ کیمپ علامہ اقبال اسکول ایف بی ایریا اور کے ایچ اے لیجنڈ ایرینا گلشنِ اقبال میں جاری ہیں جہاں ہر عمر کے لڑکے اور لڑکیاں داخلہ لے سکتے ہیں۔ دونوں مقامات پر رجسٹریشن ابھی بھی جاری ہے۔
کیمپ میں پاکستان کے سابق اولمپئن ہاکی کھلاڑی افتخار سید، حنیف خان اور وسیم فیروز نوجوانوں کو ہاکی کی تربیت دے رہے ہیں کھلاڑیوں کو کھیل کی جدید تکنیک، قواعد اور عملی مشقیں سکھائی جا رہی ہیں تاکہ ان کی صلاحیتوں کو بہتر بنایا جا سکے۔
کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے مطابق کیمپ میں شرکت مکمل طور پر مفت ہے اور کھلاڑیوں کو کھیل کا سامان بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ہاکی کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے والدین اپنے بچوں کا داخلہ فوری طور پر کروا سکتے ہیں۔