لاہور، (اسپورٹس رپورٹر) آسٹریلیا نے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 41 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 231 رنز بنائے، جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 190 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
آسٹریلوی کپتان جوش انگلس اور کیمرون گرین نے نصف سنچریاں بنا کر اپنی ٹیم کو قابلِ دفاع مجموعہ فراہم کیا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین جبکہ عرفات منہاس، حارث رؤف اور ابرار احمد نے اہم وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ آغاز ہی سے دباؤ کا شکار رہی اور ابتدائی وکٹیں جلد گر گئیں۔ شاداب خان نے 71 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی، جبکہ محمد غازی غوری اور عرفات منہاس نے بھی کچھ مزاحمت دکھائی، لیکن ٹیم کامیابی حاصل نہ کر سکی۔ آسٹریلیا کے ناتھن ایلس نے چار وکٹیں لے کر فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا فیصلہ کن میچ 4 جون کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔