ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) آزادی مارچ کے شرکاء کو کنٹرول کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، ڈیرہ پولیس نے لانگ مارچ کے شرکاء کو کنٹرول کرنے کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ انتظامیہ نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر کنٹینرز پہنچا دیئے ہیں جبکہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور رہبر کمیٹی کے مابین جاری مذاکرات کے باعث پولیس اہلکاروں کو تاحال محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق جمعیت علماء اسلام کے آزادی مارچ کے لئے ڈیرہ پولیس نے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس مکمل طور پر تیار ہے۔ پولیس کے مطابق آذادی مارچ کے شرکاء اگر پرامن رہے تو ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی کاروائی نہیں کی جائے گی لیکن اگر اس کے برعکس مظاہرین نے سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو پھر ان کے خلاف طاقت کا استعمال کیا جائے گا۔ جمعیت علماء اسلام کے صوبائی اور ضلعی رہنماﺅں کی نظر بندی یا گرفتاری کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ مذکورہ رہنماﺅں کی فہرستیں مرتب کرلی گئی ہیں تاہم ان کے خلاف تاحال کسی قسم کی کوئی کاروائی نہیں کی جارہی اس سلسلے میں پولیس حکومتی احکامات کی منتظر ہے۔ حکومت یا ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جو احکامات ملیں گے پولیس اس پر عمل کرے گی۔
![]()