کراچی،(رپورٹ، ذیشان حسین) سندھ اولمپک ایسوسی ایشن نے 35ویں نیشنل گیمز کو شایان شان انداز سے منعقد کرنے کے لئے مربوط اور موثر حکمت عملی ترتیب دے دی، عید بعد بھر پور انداز سے گیمزکے لئے تیاریاں کی جائیں گی۔ سندھ سے تعلق رکھنے والے ٹیکنیکل آفیشلز کی تعداد کو بڑھایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمدعلی راجپوت کی سربراہی میں سندھ کی تمام صوبائی اسپورٹس ایسوسی ایشز کے سیکریٹریز کا اہم اجلاس اتوار کو نیشنل گیمز سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں 35ویں نیشنل گیمزکے تمام کھیلوں کے آرگنائزنگ سیکریٹریز اور دیگر آفیشلز نے بھر پور شرکت کی۔ اجلاس میں نائب صدر گلفراز احمد خان، امتیاز احمد شیخ، شاہ نعیم ظفر، خالد رحمانی، پرویز احمد شیخ، سید اعجاز علی، آصف عظیم، شاہد مسعود، محمد عامر، کاشف احمد فاروقی، غلام محمد خان، ثنا علی، عائشہ ارم، ماجدہ حمید، جاوید اقبال، محمد علی، کامران قریشی، محمد رفیق، شکیل الیاس، اکبر علی قائمخانی، ریحان اکرم، ڈاکٹر ایس اے ماجد اور دیگر بھی موجود تھے۔ ایس او اے کے سیکریٹری احمد علی راجپوت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل گیمزمیں سندھ سے تعلق رکھنے والے ٹیکنیکل آفیشلز کے لئے عید کے بعد ریفریشر کورس کا اہتمام کیا جارہا ہے، جس کا مقصد سندھ کے ٹیکنکل آفیشلز کی استعداد میں اضافہ ہے تاکہ وہ نیشنل گیمزمیں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔انہوں نے نیشنل گیمز میں شامل کھیلوں کے صوبائی سیکریٹریز کو عید کے بعد شفاف ٹرائلز کے ذریعے بہترین دستیاب کھلاڑیوں پر مشتمل سندھ کی ٹیمیں بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں تاکہ نیشنل گیمزمیں میزبان ہونے کی حیثیت سے صوبوں پر برتری حاصل کی جاسکے۔اجلاس میں نیشنل گیمز کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت، افتتاحی اور اختتامی تقریب کے شیڈول، کھیلوں کے وینیوز، کھیلوں کے شیڈول، وینیوز کی تزئین و آرائش، کھیلوں کے سامان کی دستیابی، کھلاڑیوں اور ٹیکنیکل آفیشلز کی رہائش، ریفریشر کورسز اور ورک شاپ کے وینیوز، میڈلز کی تعداد، متعدد کمیٹیوں کی تشکیل کے حوالے سے غور وخوص کیا گیا۔
Home / اہم خبریں / 35ویں نیشنل گیمز سندھ کے ٹیکنیکل آفیشلزکے لئے ریفریشر کورس منعقد کیا جائے گا۔ احمد علی راجپوت