سرگودھا، (اسٹاف رپورٹر) یونیورسٹی آف سرگودھا میں شعبہ کمیونیکیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز اور ایلومنائی آفس کے اشتراک سے ”سماجی آگاہی میں ذرائع ابلاغ کا کردار” کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں صحافت سے وابستہ معروف شخصیات، اساتذہ، طلباء اور سابق طلباء نے شرکت کی۔پی ٹی وی کے سینئر اسپورٹس اینکر اور صحافی سید ارسلان عباس شیرازی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے طلبہ کو ترغیب دی کہ وہ میڈیا انڈسٹری کی جدید مہارتیں سیکھیں۔ انہوں نے صحافتی منظر نامے پر مصنوعی ذہانت کے اثرات پر گفتگو کی اور طلباء کو مواد کی تحریر، تدوین، اور ای کامرس کے شعبے میں مہارت حاصل کرکے عالمی میڈیا مارکیٹ میں کاروباری مواقع تلاش کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کو چاہیے کہ دورانِ تعلیم حاصل کیے جانے والے علم کو عملی تجربات میں ڈھالیں۔۔صدر ایلومنائی ایگزیکٹو فورم شعبہ کمیونیکیشن اینڈ میڈیا اسٹڈیز عرفان اکبر چوہدری نے جدید تعلیمی تکنیکوں کے مطابق طلباء کو تیار کرنے کی اہمیت پر بات کی تاکہ طلبہ میڈیا کے شعبہ میں رونما ہونے والی تبدیلیوں سے آشنا ہوں اور میڈیا مارکیٹ کے تقاضوں کو پورا کرسکیں۔شعبہ کمیونیکیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز کے چیئرمین ڈاکٹر مدثر حسین شاہ نے میڈیا سٹڈیز کے طلباء کے لیے ضروری عملی وسائل فراہم کرنے میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی کاوشوں کی تعریف کی۔انہوں نے آئندہ ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کیا جن میں ٹی وی چینل کا آغاز، مصنوعی ذہانت پر مبنی لیبارٹریز اور شعبے میں جدید آڈیوویژول سہولیات کا قیام شامل ہیں۔منیجر ایلومنائی آفس ناصر ہارون نے سابق طلباء کے ساتھ مستقل رابطے میں رہنے،یونیورسٹی اور سابق طلباء کے درمیان مضبوط تعلقات کے فروغ کے عزم کو دہرایا۔
Home / اہم خبریں / یونیورسٹی آف سرگودھا میں شعبہ کمیونیکیشن اینڈ میڈیا اسٹڈیز اور ایلومنائی آفس کے اشتراک سے ”سماجی آگاہی میں ذرائع ابلاغ کا کردار” کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا