کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) گورکھ ہل آف روڈ بائیک ریلی کی اختتامی تقریب سات ہزار فٹ بلند گورکھ ہل اسٹیشن پر منعقد ہوئی۔ صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سیدذوالفقارعلی شاہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے مینز پروفیشنل کیٹیگری میں عبدالمقیت نے چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا اور انہیں دو لاکھ روپے نقد انعام بمعہ ٹرافی دی گئی۔ دوسرے نمبر پر صدام خان کو ڈیڑھ لاکھ روپے اور تیسرے نمبر پر ثاقب شاہ کو ایک لاکھ روپے کا انعام دیا گیا مینز پروڈکشن کیٹیگری میں ہادی خان نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جنہیں دو لاکھ روپے کا انعام ملا، جبکہ راشد علی محمود کو دوسری پوزیشن پر ڈیڑھ لاکھ روپے اور زین العابدین کو تیسری پوزیشن پر ایک لاکھ روپے کا انعام دیا گیا خواتین کیٹیگری میں فرزانہ علی فاتح قرار پائیں، جبکہ دوسرے نمبر پر بتول ریاض اور تیسرے نمبر پر مہوش ارشاد نے ٹرافیاں حاصل کیں تقریب میں انعامات تقسیم کرتے ہوئے صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سیدذوالفقارعلی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ گورکھ ہل آف روڈ بائیک ریلی کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا، جس میں پورے پاکستان سے 66 بائیکرز نے شرکت کی خواتین نے بھی ٹریک پر بائیک دوڑائیں صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے مزید کہا کہ ایک سعودی بائیکر نے بھی اس ریلی میں شرکت کی اس بائیک ریلی میں کچھ خامیاں تھیں جو اگلے سال دور کردی جائیں گی ذوالفقارعلی شاہ نے اعلان کیا کہ اب یہ ریلی ہر سال منعقد ہوگی اور آئندہ سال بائیک ریلی کے ساتھ آف روڈ جیپ ریلی کا بھی انعقاد کیا جائے گا جبکے رواں سال تھر جیپ ریلی بھی منعقد کی جائے گی حکومت سندھ صوبے کی سیاحت اور ثقافت کو فروغ دے رہی ہے ساتھ ہی انہوں نے دادو سے گورکھ ہل کے راستے کو بہتر بنانے کا بھی اعلان کیا۔