کراچی,(نوپ نیوز ) کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کی جنرل باڈی کے اجلاس میں کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی کو اس کی شاندار کارکردگی پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس سے قبل سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے اجلاس کو سال بھراراکین پریس کلب کے فلاح و بہبود کے لیے مختلف منصوبوں اور خدمات سے آگاہ کیا۔ کے یو جے دستور کی جنرل باڈی کا اجلاس صدر خلیل ناصر کی صدارت میں کراچی پریس کلب میں منعقد ہوا۔، پی ایف یو جے دستور کے سیکریٹری جنرل اے ایچ خانزادہ، اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل عامر لطیف، کے یو جے دستور کے جنرل سیکریٹری نعمت خان، سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد، سابق سیکریٹری کراچی پریس کلب مقصود یوسفی، سابق سیکریٹری پریس کلب ارمان صابر اور سابق سیکرٹری رضوان بھٹی اور دیگر سینئر صحافیوں سمیت ارکان کے یو جے نے شرکت کی۔
اجلاس میں کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے چار مختلف قراردادیں پاس کی گئی۔ اجلاس نے پریس کلب کی گورننگ باڈی بطور خاص سیکریٹری شعیب احمد اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس طرح پورا سال اراکین کے رہائشی اسکیموں کے مسائل حل کرنے کے لیے بھرپور طریقے سے کام کیا وہ قابل تقلید ہے۔ اجلاس نے سندھ حکومت کی طرف سے کراچی پریس کلب کے مسائل کے حل کے لئے سیکریٹری اطلاعات حکومت سندھ کی قیادت میں کمیٹی کے قیام اور اس کے باقاعدہ اجلاسوں کے نتیجے میں مسائل کے حل کو نہایت مثبت اقدام قرار دیا۔ اجلاس نے اراکین پریس کلب کے صحت کے مسائل کو حل کرنے کے کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی اور سیکریٹری ہیلتھ کمیٹی کی خدمات کا سراہا۔ اجلاس نے پریس کلب میں موجود اسپورٹس کمپلیکس کو اپ گریڈ کرکے ایک ماڈرن فٹنس اور سپورٹس کمپلیکس میں تبدیل کرنے پرپریس کلب کی گورننگ باڈی اور سیکریٹری فٹنس کمیٹی کو خراج تحسین پیش کیا۔ ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ پریس کلب کی گورننگ باڈی نے خواتین اراکین کے لیے سہولیات سے اراستہ وومین کمپلیکس کو قائم کرکے پورے ملک کے پریس کلب کے لیے مثال قائم کردی ہے۔